بلوچستان : آتشزدگی کے واقعات میں 65 گھر جل گئے، کروڑوں کا سامان خاکستر
اوستہ محمد کے قریب دولت علی عمرانی کا گھر اور گوٹھ محبوب کھوسو میں پوراگاؤں راکھ کا ڈھیر بن گیا گوٹھ کھوسو بیدار میں آگ لگنے سے تین گھرانے جل گئے ، متاثرہ خاندان بے یارومددگار
ڈیرہ مراد جمالی (نامہ نگار )ڈیرہ مراد جمالی اوستہ محمد اور صحبت پورمیں آگ لگنے کے مختلف واقعات میں 65 سے زیادہ گھرانے جل گئے کروڑوں روپے کے نقصانات پر صحبت پور کے قریب پچاس گھروں پر مشتمل پورا گاؤں جل گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی کے قریب گوٹھ کھوسو بیدار میں آگ لگنے سے تین گھرانے جل گئے ، اناج گھریلو سامان جل کر راکھ ہوگیا جبکہ اوستہ محمد کے قریب دولت علی عمرانی کے گھر میں اچانک آگ لگنے سے پورا گھر جل گیا۔ ڈیرہ مراد جمالی کے قریب مانجھوٹی گوٹھ سمندر میں آگ لگنے سے پانچ گھرانے جل گئے ۔گھروں میں پڑا اناج گھریلو سامان جل گیا جبکہ صحبت پور کے قریب گزشتہ روز بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے گوٹھ محبوب کھوسو میں لگنے والی آگ نے پورے گاؤں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ انتظامیہ کے مطابق آگ لگنے سے پچاس گھرانے جل گئے، کروڑوں روپے کا نقصان ہوا، متاثرین شدید گرمی میں بے یارومددگار کھلے آسمان تلے پڑے ہوئے ہیں۔