صومالی قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال افراد کی نئی ویڈیو جاری
کراچی (سٹاف رپورٹر) صومالی بحری قزاقوں کے قبضے میں موجود پاکستانی عملے کے ارکان کی ایک نئی ویڈیو سامنے آگئی ہے ، جس میں مغوی عملے نے حکومت پاکستان سے فوری مدد کی اپیل کی ہے۔
ویڈیو پیغام میں جہاز اونر 25کے کریو ممبر یاسر خان نے بتایا کہ وہ اور ان کے ساتھی گزشتہ 42 روز سے اغوا کاروں کی قید میں ہیں اور انتہائی کٹھن حالات کا سامنا کر رہے ہیں، جہاز پر کھانے پینے کا سامان تقریباً ختم ہو چکا ہے ،عملہ ٹینک کا گندا پانی پینے پر مجبور ہے ، تمام مغوی 24 گھنٹوں میں صرف ایک وقت ابلے ہوئے چاول کھا رہے ہیں۔مغوی کریو ممبر نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے اپیل کی کہ ان کی رہائی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں ۔یاسر خان نے الزام عائد کیا کہ شپنگ کمپنی کی جانب سے بھی تعاون نہیں کیا جا رہاجبکہ مغویوں کے اہل خانہ نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یرغمال افراد کی جلد اور محفوظ بازیابی کے لیے سفارتی و دیگر تمام ممکنہ ذرائع بروئے کار لائے جا ئیں۔