مختلف شہروں میں مبینہ مقابلے ، 4ملزم ہلاک،6زخمی گرفتار
فیصل آباد میں زمین کیلئے بھائی اور بھابی کو قتل کرنے کا ملزم عابد مارا گیا گوجرانوالہ میں کاشف، عاشق، اویس مارے گئے ،زخمیوں میں عمیر ی شامل
لاہور،فیصل آباد ،گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر،نیوز ایجنسیاں)پنجاب میں مبینہ پولیس مقابلوں میں 4ملزم ہلاک،6کو زخمی حالت میں گرفتارکر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے تھانہ ٹھیکریوالا کے علاقے میں 5 ایکڑ اراضی کے تنازع پر اپنے حقیقی بھائی اور بھابی کو قتل کرنے والا ملزم عابد مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا ۔ادھر گوجرانوالہ کے تھانہ گرجاکھ پولیس سے مبینہ مقابلے میں رہزنی کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ، ملزم کاشف عرف منا جبکہ تھانہ سٹی کامونکی پولیس سے مبینہ مقابلے میں منشیات کیسزمیں مطلوب ملزم عاشق اورتھانہ تتلے عالی پولیس سے مبینہ مقابلے میں ڈکیتی کا ملزم اویس مارا گیا ۔علاوہ ازیں گوجرانوالہ میں 3 ملزم علی ارسلان ، علی حسن اورعمیر عرف عمیری مبینہ مقابلوں کے بعد زخمی حالت میں پکڑے گئے ہیں، جبکہ تھانہ صدر چیچہ وطنی کی حدود میں ڈکیتی کا ملزم آصف شاہ اوربوریوالا کے تھانہ شیخ فاضل کے علاقہ میں ملزم محمد سلطان بھی زخمی حالت میں پکڑا گیا ۔دوسری طرف لاہور میں تھانہ شفیق آباد پولیس سے مبینہ مقابلے کے دوران ایک ملزم شعبان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ۔ ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق ملزم شعبان ڈکیتی، چوری، گینگ وار سمیت 70 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے ، تمام زخمی ملزموں کو ہسپتالوں میں منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ۔