ضلع کونسل اوکاڑہ میں 37کروڑ کی مبینہ کرپشن کا انکشاف
2023-24 کے دوران ترقیاتی منصوبوں میں بوگس بلوں سے ادائیگیاں کی گئیں اینٹی کرپشن رپورٹ میں 12 افسروں،38 ٹھیکیداروں کیخلاف مقدمات کی سفارش
اوکاڑہ (خبرنگار)ضلع کونسل اوکاڑہ میں کروڑوں روپے کی مبینہ کرپشن اور مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے ۔ اینٹی کرپشن کی تحقیقاتی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2023-24 کے دوران ترقیاتی منصوبوں میں 37 کروڑ روپے سے زائد کے بوگس بلوں کے ذریعے ادائیگیاں کی گئیں۔ذرائع کے مطابق سابق ڈپٹی کمشنر فرخ عتیق نے اپنی تعیناتی کے دوران تقریباً ایک ارب روپے کی مبینہ بے ضابطگیوں کا ریفرنس ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن کو بھجوایا تھا۔ اینٹی کرپشن رپورٹ کے مطابق ضلع کونسل کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال میں دو سابق چیف آفیسرز سمیت 12 سرکاری افسروں اور 38 ٹھیکیدار مبینہ سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے میں ملوث پائے گئے ،جن کے خلاف مقدمات درج کرنے کی سفارش کی گئی۔