NFC پر مبنی اینڈرائیڈ بینکنگ حملوں میں 188فیصد اضافہ
صارفین غیر سرکاری ذرائع سے ایپس انسٹال کرنے سے گریز کریں، کیسپرسکی
اسلام آباد(نامہ نگار)کیسپرسکی کے مطابق متاثرین کے فنڈز چرانے کیلئے این ایف سی پر مبنی اینڈرائیڈ سمارٹ فون حملوں کی تعداد 2026کے پہلے چار مہینوں میں 2025کے اسی عرصے کے مقابلے میں 188فیصد بڑھ گئی ہے ۔ جنوری سے اپریل 2026کے دوران کیسپرسکی کے سائبر سکیورٹی سلوشنز نے اینڈرائیڈ میلویئر کے مختلف گروپس کے 35600 حملے بلاک کیے ۔اس وقت این ایف سی پر مبنی حملوں کی دو بنیادی سکیمیں ہیں۔ پہلی براہِ راست این ایف سی جس میں دھوکا باز پیغام رسانی ایپس کے ذریعے متاثرین سے رابطہ کرتے ہیں اور صارفین کی شناخت کی تصدیق کے بہانے انہیں نقصان دہ سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کرنے پرمجبور کرتے ہیں ، اس کے بعد متاثرین سے کہا جاتا ہے کہ وہ اپنا بینک کارڈ متاثرہ سمارٹ فون کے ساتھ ٹچ کریں اور کارڈ کا پن بھی درج کریں، نتیجتاً کارڈ کا ڈیٹا حملہ آوروں کو دے دیا جاتا ہے۔
دوسری ریورس این ایف سی ہے جس کے ذریعے دھوکا باز صارفین کو ایک نقصان دہ ایپ بھیجتے ہیں اور انہیں قائل کرتے ہیں کہ وہ اس ایپ کو اپنے متاثرہ سمارٹ فون پر کانٹیکٹ لیس ادائیگی کے لیے بنیادی طریقہ بنا دیں۔ سائبر سکیورٹی کے ماہر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا صارفین ایپلیکیشنز انسٹال کرتے وقت یا اپنے بینکنگ معلومات سے متعلق غیر متوقع درخواستوں کا جواب دیتے وقت احتیاط برتیں ۔ کیسپرسکی نے سفارش کی ہے کہ غیر سرکاری ذرائع سے ایپس انسٹال کرنے سے گریز کریں۔ اے ٹی ایم پر اجنبی افراد کی ہدایات پر کبھی عمل نہ کریں۔