بڑھتی آبادی ، اسلام آباد میں نئے سکو لز کی ضرورت :سیکرٹری تعلیم
کمیٹی کی پیرا چیئرمین کی عدم تعیناتی پر تشویش ، 3 ترمیمی بلوں کی منظوری کی سفارش
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر ، آن لائن )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کا اجلاس چیئرپرسن مہتاب اکبر راشدی کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا، اجلاس میں قائمہ کمیٹی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے تین سرکاری ترمیمی بلوں کی منظوری کی سفارش کر دی ،اجلاس میں آؤٹ آف سکول بچوں سے متعلق ‘‘نو چائلڈ لیفٹ بیہائنڈ’’ مہم پر بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ مارچ میں مہم کا آغاز کیا گیا تھا ،ڈور ٹو ڈور سروے کیا جا رہا ہے اور اب تک اسلام آباد کی 31 یونین کونسلز کا سروے مکمل کیا جا چکا ہے ،حکام کے مطابق 5 سے 16 سال عمر کے 22 ہزار 922 آؤٹ آف سکول بچوں کی نشاندہی کی گئی ،سیکرٹری تعلیم ندیم محبوب نے بتایا کہ اسلام آباد میں تیزی سے بڑھتی آبادی کے پیش نظر نئے سکولوں کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے منصوبے تجویز کئے گئے تھے ، تاہم انہیں تاحال منظوری نہیں مل سکی ،کمیٹی نے پاکستان ایجوکیشن ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) میں چیئرمین کی عدم تعیناتی پر بھی تشویش کا اظہار کیا ۔