سہیل آفریدی کا عمران سے ملاقات کیلئے عدالت سے رجوع
بجٹ اہم اور حساس معاملہ ،بانی کی رہنمائی ضروری،اسلام آباد ہائیکورٹ سے استدعا وفاق ہمارے پیسے کاٹ رہا ،پاکستان کسی کے باپ کا نہیں ہے ، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا
اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے ،دنیا نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے عمران خان سے ملاقات کی اجازت کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا، دائر درخواست میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی سے مختلف اہم صوبائی امور پر رہنمائی اور ہدایات حاصل کرنے کے لیے مشاورت کے پابند ہیں، درخواست میں کہا گیا کہ بجٹ کی تیاری ایک اہم صوبائی معاملہ ہے ، بانی کی ہدایات اور رہنمائی انتہائی ضروری ہیں، استدعا ہے کہ آئینی، قانونی اور انسانی بنیادوں پر ملاقات کی اجازت دی جائے ،بعدازاں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کی عوام نے عمران خان کو مینڈیٹ دیا ہے ، بجٹ کی حتمی منظوری بانی نے دینی ہے ، انہوں نے کہا کہ عمران خان کی آنکھ کا معاملہ سنگین ہورہا ہے ،پاکستان کی معیشت اور غریب عوام ترجیح ہونی چاہیے ، حکمرانوں کی دلچسپی بانی کو جیل میں رکھنے اور گلگت بلتستان میں دھاندلی کرنے میں ہے ،پاکستان کسی کے باپ کا نہیں ہے ، وفاق ہمارے پیسے کاٹ رہا ہے ،خیبر پختونخوا کو بانی کا ساتھ دینے کی سزا دی جارہی ہے ۔