جی بی میں ترقیاتی منصوبے کارکردگی کا ثبوت:ن لیگ
ترقیاتی بجٹ بڑھایا:احسن اقبال ،گلگت بلتستان پاکستان کا سوئٹزرلینڈ:سعد رفیق 7جون کے انتخابات میں مسلم لیگ ن نمایاں کامیابی حاصل کریگی:عظمیٰ بخاری
اسلام آباد،گلگت،لاہور (نمائندگان دنیا) مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں، سیاحت کے فروغ اور آئندہ انتخابات میں کامیابی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے کی ترقی اور عوامی خوشحالی کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبے مسلم لیگ (ن)کے عوامی خدمت کے وژن اور کارکردگی کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ شاہراہوں، ہسپتالوں، یونیورسٹیوں، کھیلوں کے میدانوں اور توانائی کے منصوبوں سمیت متعدد ترقیاتی منصوبے مسلم لیگ (ن)کے دور میں شروع کئے گئے ، سابق وزیراعظم نواز شریف نے گلگت بلتستان کا ترقیاتی بجٹ دوگنا کیا تھا۔
گلگت میں جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا ’’سوئٹزرلینڈ‘‘ہے اور سیاحت کے فروغ کے ذریعے اسے ایک اہم کاروباری مرکز بنایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ حکومت بننے کی صورت میں سڑکوں سمیت تمام زیر التوا ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائیں گے ۔ادھر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں انتخابات کے حوالے سے عوام میں غیرمعمولی جوش و خروش پایا جاتا ہے اور سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ ان کے مطابق نواز شریف کی آمد نے سیاسی ماحول کو نئی جہت دی ہے اور مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو وسیع عوامی حمایت حاصل ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ 7 جون کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن)نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔