ماحولیاتی تبدیلی کیخلاف جدوجہد میں خواتین حقیقی ہیروز ، شیری
دیہی معیشت کا اصل بوجھ خواتین اپنے کندھوں پر اٹھائے ہیں ،تقریب سے خطاب
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر و سینیٹر شیری ر حمن نے کہا کہ خواتین ماحولیاتی تبدیلی کے خلاف جدوجہد میں حقیقی ہیروز ہیں ، جینڈر کلائمیٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان ماحولیاتی دباؤ اور موسمیاتی بحران کے شدید اثرات کا سامنا کر رہا ہے جبکہ ماحولیاتی تبدیلی اب پالیسی ایجنڈے سے اوجھل نہیں ہو سکتی ، 2022 کے تباہ کن سیلاب میں پاکستان کا ایک تہائی حصہ زیر آب آ گیا تھا، اس دوران 6لاکھ 50ہزار حاملہ خواتین شدید مشکلات کا شکار ہوئیں ،ان کا کہنا تھا کہ دیہی معیشت کا اصل بوجھ خواتین اپنے کندھوں پر اٹھائے ہوئے ہیں۔ جبکہ آج بھی 72 فیصد خواتین دن کا بڑا حصہ پانی لانے میں صرف کرتی ہیں۔ ،خواتین فطرت کی محافظ اور معاشرتی استحکام کی بنیاد ہیں، اس لئے شمال سے جنوب تک خواتین میں سرمایہ کاری کا عمل جاری رہنا چا ہئے ۔ تاکہ وہ اپنی برادریوں میں مثبت تبدیلی اور پائیدار ترقی کا عمل آگے بڑھا سکیں ۔