پی این آر اے اور رُورا کے درمیان جوہری تعاون کا معاہدہ
اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (پی این آر اے) اور روانڈا یوٹیلیٹیز ریگولیٹری اتھارٹی (رُورا) کے درمیان جوہری سلامتی اور تابکاری سے تحفظ کے شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
بدھ کو جاری بیان کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل رُورا کلاڈ نکوسی کی قیادت میں روانڈا کا وفد 1 سے 3 جون 2026 تک پی این آر اے ہیڈکوارٹرز کے دورے پر رہا۔ اس دوران جوہری سلامتی، ریگولیٹری نظام کی بہتری، استعدادِ کار میں اضافہ اور انسانی وسائل کی ترقی پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔وفد نے پی این آر اے اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی لیبارٹریوں سمیت مختلف جوہری و تابکاری سہولیات کا معائنہ کیا اور ریگولیٹری نظام کا جائزہ لیا۔مفاہمتی یادداشت پر پی این آر اے کے چیئرمین ضیاء حسین شاہ اور رُورا کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل کلاڈ نکوسی نے دستخط کیے ۔ تقریب میں روانڈا کے ہائی کمشنر اور پی این آر اے کے سینئر حکام نے شرکت کی۔معاہدے کے تحت دونوں ادارے جوہری سلامتی، تابکاری تحفظ، معلومات کے تبادلے اور استعدادِ کار میں اضافے کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے ۔