جوڈیشل کونسل، کمیشن، پالیسی ساز کمیٹی کے 11 جون کواجلاس

جوڈیشل کونسل، کمیشن، پالیسی ساز کمیٹی کے 11 جون کواجلاس

سپریم جوڈیشل کونسل میں ہائیکورٹس کے ججز کیخلاف شکایات پر ازسرنو غور ہوگا جوڈیشل کمیشن میں ججز تقرری سے متعلق رولز کی حتمی منظوری، انٹرویوز متوقع

لاہور (محمد اشفاق سے )چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی نے تین اعلیٰ سطح اجلاس 11جون کو طلب کرلیے ۔ ہائیکورٹس کے ججز کے خلاف شکایات پر غور کیلئے سپریم جوڈیشل کونسل، سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنانے سے متعلق قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی اور ہائیکورٹس میں نئے ججز کی تقرریوں اور موجودہ ہائیکورٹس کے ججز کی کارکردگی سے متعلق طریقہ کار طے کرنے کے حوالے سے رولز کی منظوری کیلئے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس کی صدارت چیف جسٹس یحیی آفریدی کریں گے۔

سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں تمام ہائی کورٹس کے ججز کے خلاف شکایات کا ازسر نو جائزہ لیا جائے گا۔جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں رولز کی حتمی منظوری دیے جانے کا امکان ہے جس کے بعد نئے ججز کی تقرری کے حوالے سے امیدواروں کے انٹرویو بھی ہوں گے ۔قومی عدالتی پالیسی ساز کمیٹی میں تمام ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان شرکت کریں گے اجلاس میں سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنانے سے متعلق تمام ہائی کورٹس کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی یقینی بنانے اور پرانے مقدمات فوری نمٹانے کے حوالے سے بھی احکامات جاری کیے جائیں گے اس کے علاوہ تمام ہائی کورٹس اپنے اپنے صوبوں سے متعلق بھی کیے گئے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کریں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں