منشیات روک تھام کیلئے سندھ کو تعاون فراہم کرینگے ، محسن نقوی

منشیات روک تھام کیلئے سندھ کو تعاون فراہم کرینگے ، محسن نقوی

وفاق، صوبوں میں مؤثر رابطہ، تعاون چیلنجز سے نمٹنے کا بہترین ذریعہ، شرجیل میمن سینئر وزیر ،وفاقی وزیر داخلہ کی ملاقات، وفاق، سندھ میں تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

کراچی (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ امن و امان کے قیام اور منشیات کی روک تھام کے لیے وفاق سندھ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا ، کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب آپریشنز قابل ستائش ہیں ۔ سینئر وزیر  سندھ شرجیل میمن اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں وفاق اور سندھ میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا۔شرجیل میمن اور محسن نقوی کے درمیان اہم ملاقات میں ملکی امن و امان، بین الصوبائی تعاون، ،عوامی خدمات کی بہتری ،کراچی سمیت سندھ کے بڑے شہروں میں منشیات کی روک تھام، امن و امان کی صورتحال اور دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سندھ حکومت کو کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب آپریشنز پر مبارکباد بھی دی۔اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ اور تعاون قومی چیلنجز سے نمٹنے کا بہترین ذریعہ ہے ، قومی مفاد کے معاملات میں تمام اداروں اور حکومتوں کو مل کر کام کرنا چاہیے ۔انہوں نے کہا سندھ حکومت جرائم کے خاتمے ، امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی کاوشیں مزید تیز کرے گی۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا امن و امان کے قیام اور منشیات کی روک تھام کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔انہوں نے سندھ پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس نے چیلنجنگ حالات میں بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن و امان کی بحالی کے لیے قابل ستائش کردار ادا کیا ہے ۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنا کر عوامی مسائل کے حل اور بہتر طرز حکمرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں