بجلی کمپنیوں کی نجکاری مقررہ وقت میں مکمل کی جائے ،اسحاق ڈار
تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا مقصد کارکردگی، سروس ،مالی استحکام کو بہتر بنانا ہے صارفین کے مفادات کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے ،نائب وزیراعظم کی ہدایت
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارِجہ اسحاق ڈار کی زیرِ صدارت بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا اس دوران نائب وزیرِ اعظم نے نجکاری کا عمل مقررہ وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں مشیرِ نجکاری نے آئیسکو، فیسکو اور گیپکو کی نجکاری سے متعلق تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی۔ سٹیئرنگ کمیٹی نے اب تک کے نجکاری کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔ نجکاری کمیشن کو طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق تمام مراحل مکمل کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے زور دیا کہ صارفین کے مفادات کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ نجکاری کا بنیادی مقصد کارکردگی، سروس ڈلیوری اور مالی استحکام کو بہتر بنانا ہے ۔