کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں کی فائرنگ ،4پولیس اہلکار شہید،20سے زائد زخمی:ترجمان آزاد کشمیر پولیس
راولاکوٹ میں مسلح افراد نے ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو مبینہ طور پر براہ راست نشانہ بنایا ، زخمی ہسپتال منتقل ، زخم شاٹ گن نوعیت کے ہیں سی ایم ایچ پر حملہ دہشت گردی کے مترادف یہ پرامن سیاسی احتجاج نہیں منظم مسلح کارروائی ، آئی جی ، مظفر آباد میں تنظیم کا مرکزی دفتر سیل ، اسلحہ برآمد
راولاکوٹ، مظفرآباد (دنیا رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک )انسپکٹر جنرل پولیس آزاد جموں و کشمیر نے کہا ہے کہ راولاکوٹ میں کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے وابستہ مسلح شرپسند عناصر کی فائرنگ کے نتیجے میں قانون نافذ کرنے والے 4 اہلکار شہید 20 سے زائد پولیس اور سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے ، پولیس کے مطابق ہفتہ کے روز احتجاج کے نام پر جمع ہونے والے مسلح افراد نے ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کو مبینہ طور پر براہ راست نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں 4 اہلکار جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد اہلکار زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کے زخم شاٹ گن نوعیت کے ہیں۔آئی جی پولیس نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی پرامن سیاسی احتجاج کا تسلسل نہیں بلکہ ایک منظم اور مسلح کارروائی ہے جس کا مقصد ریاستی رٹ اور امن و امان کو چیلنج کرنا تھا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ واقعے کے بعد سی ایم ایچ راولاکوٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا جو قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر فائرنگ، شہادتوں اور سی ایم ایچ پر حملے جیسے واقعات واضح طور پر دہشت گردی کے زمرے میں آتے ہیں ،ملوث عناصر کے خلاف شواہد کی بنیاد پر آئین اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔پولیس ترجمان کے مطابق شہید اہلکاروں کی قربانیاں آزاد کشمیر میں امن، شہریوں کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کے لئے ہیں۔ پولیس نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ زخمی اہلکاروں کے علاج معالجے اور وا قعہ کی تحقیقات کے لئے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔آزاد کشمیر پولیس اور انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ریاستی رٹ، عوامی امن اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قانون اپنا راستہ لے گا۔ دوسری جانب آزاد کشمیر حکومت کی جانب سے کالعدم قرار دی گئی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے مظفرآباد میں تنظیم کے مرکزی دفتر پر کارروائی کرتے ہوئے سیل کر دیا۔پولیس کے مطابق دفتر کی تلاشی کے دوران ایک سب مشین گن، ایک12بور رائفل اور ایک پستول برآمد ہوا ، کارروائی کے وقت دفتر کے باہر عوام کی بڑی تعداد موجود تھی، تاہم کسی قسم کا احتجاج یا نعرہ بازی نہیں کی گئی ۔