گلگت بلتستان : 5 حلقوں کے نتائج روک لیے گئے، 10 سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم

 گلگت بلتستان : 5 حلقوں کے نتائج روک لیے گئے، 10 سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا حکم

الیکشن کمیشن نے حلقہ جی بی اے 8 میں پی پی امیدوار کی انتخابی بے ضابطگیوں کیخلاف دائر درخواست پر فیصلہ سنایا 4 دیگر حلقوں کے نتائج بھی روک دئیے گئے ، پیپلز پارٹی کا آزاد امیدواروں کے ساتھ ملکر حکومت بنانے کا امکان

 دیامر ،گلگت،اسلام آباد (دنیا نیوز،اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک،نامہ نگار)الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے حلقہ جی بی اے 8 سکردو II کے 10 پولنگ سٹیشنوں کے نتائج کالعدم قرار دیدیئے ،4حلقوں کے انتخابی نتائج بھی روک دیئے ہیں ،دوسری طرف ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے آزاد امیدواروں کے ساتھ ملکرگلگت بلتستان میں حکومت بنانے کا امکان ہے ۔تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن  کمشنر گلگت بلتستان نے حلقہ جی بی اے 8 سکردو II کے 10 پولنگ سٹیشنوں میں 15 جون کو دوبارہ پولنگ کرانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سید محمد علی شاہ کی جانب سے حلقہ جی بی اے 8 سکردو II کے بعض پولنگ سٹیشنوں پر انتخابی بے ضابطگیوں اور بدانتظامی کے الزامات لگائے گئے تھے اور سید محمد علی شاہ کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنایا ۔واضح رہے مذکورہ حلقہ کے ابتدائی انتخابی نتائج کے مطابق مجلس وحدت المسلمین کے امیدوار میثم کاظم کامیاب قرار پائے تھے۔

دریں اثناء الیکشن کمیشن نے جی بی 13 استورون ، جی بی 15 دیامر ون، جی بی 16 دیا مر ٹو اور جی بی 17 دیا مر 3 داریل کے انتخابی نتائج بھی روک دیئے ہیں ۔نوٹیفکیشن کے مطابق بعض پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ مکمل ہونے تک نتائج روکے گئے ہیں، ریٹرننگ افسران کو پوسٹل بیلٹس کھولنے ، گنتی اور حتمی نتائج جاری کرنے سے روک دیا گیا، دوبارہ پولنگ کے نتائج شامل ہونے کے بعد ہی حلقہ وار حتمی نتائج مرتب کئے جائیں گے ۔چیف الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے مطابق ری پولنگ مکمل ہونے تک کسی بھی حلقے کا حتمی نتیجہ جاری نہیں کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن کے جاری مراسلے کے مطابق مذکورہ حلقوں میں دوبارہ پولنگ مکمل ہونے اور ری پولنگ والے پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج موصول ہونے تک حلقہ وار حتمی نتائج کو یکجا(Consolidate)نہیں کیا جائے گا ۔ دوسری طرف ذرائع نے بتایا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے گلگت بلتستان میں آزاد جیتنے والے ارکان کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کا امکان ہے ،بلاول بھٹو زرداری کا آئندہ چند روز میں گلگت بلتستان کا دورہ بھی متوقع ہے ۔ اسی حوالے سے سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا، پیپلز پارٹی کوشش کرے گی کہ آزاد جیتنے والوں کو ساتھ جوڑا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں