مری جانیوالی ویگن کو حادثہ، آتشزدگی، 10 سیاح جھلس کر جاں بحق، 13 زخمی

مری جانیوالی ویگن کو حادثہ، آتشزدگی، 10 سیاح جھلس کر جاں بحق، 13 زخمی

ملتان کا خاندان مری جار ہا تھا،اسلام آباد مری ایکسپریس وے پر حادثہ،ویگن کا دروازہ دیوار کے ساتھ لگنے پر جام مسافر آگ میں لپٹی ویگن میں پھنس کر رہ گئے ،لاشیں ناقابل شناخت،4بچے بھی شامل ،وزیر اعلیٰ کا اظہار افسوس

 مری،ملتان (نمائندہ دنیا ،کرائم رپورٹر ، لیڈی رپورٹر )سیر کے لئے مری جانے والی ویگن میں حادثے کے بعد آگ بھڑک اٹھی ، ملتان کے ایک ہی خاندان کے 10افراد زندہ جل گئے جبکہ 13شدید زخمی ہوگئے ،  جاں بحق ہونے والوں میں 4بچے بھی شامل ہیں ، لاشیں ناقابل شناخت ہو گئیں ، تفصیلات کے مطابق ملتان سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے افراد رات 2 بجے ملتان سے مری کے سفر پر نکلے تھے ،گاڑی میں 23 افرادسوارتھے جن میں 13 مرد و خواتین کے ساتھ 10 بچے بھی شامل تھے ، اسلام آباد مری ایکسپریس وے کھجٹ کے مقام پر موڑ کاٹتے ہوئے تیز رفتاری کے باعث ویگن سڑک کنارے دیوار سے جاٹکرائی ، پٹرول لیکیج کی وجہ سے گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی جو انتہائی تیزی سے پھیل گئی، گاڑی کادرواز ہ دیوار کی جانب ہونے کے باعث جام ہوگیا جس کی وجہ سے مسافر باہر نہ نکل سکے ، 4بچوں سمیت 10 افراد جھلس کر موقع پر ہی دم تو ڑگئے ، 13 زخمیوں اور لاشوں کو ریسکیو 1122 نے قریبی ہسپتال اور پمزاسلام آباد منتقل کردیا۔

بتایا گیا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے افراد ملتان میں تھانہ بوہڑ گیٹ کے علاقہ سوتری وٹ کے رہائشی تھے ، فیملی کے دیگر افراد زخمیوں اور لاشوں کو لینے کے لئے اسلام آباد روانہ ہوگئے ہیں، زخمیوں میں 48سالہ دیبا اسلم ، ڈیڑھ سالہ آئزا ، 22سالہ عباس ، 19سالہ دعا ، 2سالہ انعم ،13 سالہ ابیہہ ، 7سالہ فارس ، 11سالہ آ ئزہ ، 8سالہ منزہ ، 13سالہ ذیشان ، 19سالہ مہناز ، 42سالہ نازیہ اور 3سالہ علی شامل ہیں ،بتایا گیا ہے کہ موٹر وے پولیس موقع پر موجود تھی تاہم آگ بجھانے کے انتظامات نہ ہونے کے باعث بے بس دکھائی دی ،ڈپٹی کمشنرمری آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا ہے کہ گاڑی دیوار کے ساتھ جا ٹکرائی ، جہاں سے دروازے کھولنا ممکن نہ تھا ،حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا اورسوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت بھی کی ہے ،انہوں نے ضلعی انتظامیہ کوزخمیوں کے فوری اور بہترین علاج کی ہدایت کی اور فوری طور پر حادثہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور سینیٹ کے چیئرمین یوسف رضا گیلانی نے بھی اس المناک حادثے میں گہرے رنج وغم کا اظہا رکیا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں