اسٹاک ایکسچینج میں مندی،انڈیکس 903پوائنٹس گرگیا

اسٹاک ایکسچینج میں مندی،انڈیکس 903پوائنٹس گرگیا

59ارب روپے خسارہ،ہنڈرڈ انڈیکس 169427.44 پوائنٹس پر بند ہوا 488کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار،191میں اضافہ،258کی قیمتیں گرگئیں

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)میں بدھ کو مندی کا رجحان رہا ، کے ایس ای 100 انڈیکس 900 سے زائد پوائنٹس گنوابیٹھا۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا، ٹریڈنگ کے پہلے ہی گھنٹے کے دوران 100 انڈیکس 170,729.57 پوائنٹس کی دن کی بلند ترین سطح کو چھو گیاتاہم مارکیٹ میں تیزی کا یہ رجحان عارضی ثابت ہوا، سیلنگ پریشر کے باعث ابتدائی فوائد زائل ہوگئے ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 903.12 پوائنٹس یا 0.53 فیصد کی کمی سے 169,427.44 پوائنٹس پر بند ہوا،اسی طرح کے ایس ای 30اورآل شیئرز انڈیکس میں بھی مندی رہی ۔حصص بازار میں 79 کروڑشیئرز کے سودے 25 ارب روپے میں طے پائے ، یوں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 59 ارب روپے کم ہوکر 18 ہزار 848 ارب روپے رہ گئی۔ماہرین کے مطابق دن بھر کے دوران انڈیکس میں آنے والے بڑے اتار چڑھاؤ سے مارکیٹ میں محتاط توقعات اور دیرینہ خدشات کے درمیان کھینچا تانی کی عکاسی ہوتی ہے ۔ سرمایہ کار ایک طرف ابھرتے ہوئے میکرو اکنامک اشاریوں کا جائزہ لے رہے ہیں اور دوسری طرف مارکیٹ پر اثر انداز ہونے والے اہم عوامل سے پہلے اپنی پوزیشنیں مستحکم کر رہے ہیں۔ مجموعی طور پر 488 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہواجن میں سے 191 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ، 258میں کمی اور39 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں