مئی میں ریکارڈ4.3 ارب ڈالر ترسیلات موصول
ماہانہ بنیادوں پر 20،سالانہ 15.4 فیصد اضافہ ہوا،اسٹیٹ بینک
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)مئی میں کارکنوں کی ترسیلات زر کی مد میں ریکارڈ 4.3 ارب امریکی ڈالر موصول ہوئے ۔اسٹیٹ بینک کے مطابق مئی 2026 میں ترسیلات زر میں ماہانہ بنیادوں پر 20.2 فیصد جبکہ سالانہ بنیادوں پر 15.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مئی کے دوران 4 ارب 30 کروڑ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں جو ایک نئی ریکارڈ سطح ہے ۔مجموعی طور پر جولائی تا مئی مالی سال 2025-26 کے دوران کارکنوں کی ترسیلات زر 9.2 فیصد اضافے کے ساتھ 38.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ حجم 34.9 ارب ڈالر رہا تھا۔مئی 2026 کے دوران ترسیلات زر کا سب سے بڑا حصہ سعودی عرب سے موصول ہوا جہاں سے 1 ارب 25 ملین ڈالر پاکستان بھیجے گئے۔ اس کے بعد متحدہ عرب امارات سے 1 ارب 6.6 ملین ڈالر، برطانیہ سے 645.5 ملین ڈالر اور امریکا سے 349.8 ملین ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئیں۔ مسلسل بڑھتی ہوئی ترسیلات زر نے نہ صرف مئی 2026 میں نئی ریکارڈ سطح قائم کی بلکہ ابتدائی 11 ماہ کے دوران مجموعی ترسیلات زر کو بھی نمایاں طور پر بڑھا دیا۔