ماہرہ خان کی لندن میں شاہ چارلس سے ملاقات
لندن (آئی این پی)اداکارہ ماہرہ خان نے لندن میں برٹش ایشین ٹرسٹ کے سالانہ عشائیے میں شاہ چارلس سے ملاقات کی ہے ۔
ماہرہ خان کی شاہ چارلس سے ہونے والی ملاقات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہیں۔وائرل ویڈیوز میں اداکارہ کو انتہائی خوش گوار انداز میں شاہ چارلس سے گفتگو کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔ ماہرہ خان نے کہا کہ شاہ چارلس کو یہ جاننے میں بہت دلچسپی تھی کہ کام کیسے ہو رہا ہے اور مجھے یہ جان کر بہت اچھا لگا کہ وہ جانتے ہیں کہ میں نے ٹرسٹ کے لیے کیا کام کیا ہے ۔ تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان نے کہا کہ ذہنی صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ اب بھی اس موضوع پر بات کرتے ہوئے شرمندگی یا جھجک محسوس کرتے ہیں، جس کی وجہ سے متعدد افراد بروقت مدد حاصل نہیں کر پاتے ۔