ایشین گیمز قومی ٹی 20 ٹیم کی قیادت فرحان کے سپرد
عبدالصمد نائب کپتان ، سکواڈ میں شامل عاکف جاوید، علی رضا، معاذ اور سعد مسعود ابھی تک قومی ٹیم کیجانب سے ڈیبیو نہیں کر سکے ایونٹ میں 10ٹیمیں شرکت کرینگی،مقابلے کوروگی ایتھلیٹک پارک میں شروع ہونگے جبکہ میڈل کیلئے فائنل مقابلے 3 اکتوبر کو ہونگے
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایشین گیمز 2026 کے لئے 15 رکنی قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے ۔ جاپان کے شہر آئچی ناگویا میں19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک منعقد ہونے والے ایشین گیمز میں پاکستان ٹیم کی قیادت صاحبزادہ فرحان کریں گے ، جبکہ عبدالصمد کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے ۔ ایشین گیمز کے مردوں کے ٹی20 ایونٹ میں 10 ٹیمیں شرکت کریں گی اور مقابلے آئچی پریفیکچر کے کوروگی ایتھلیٹک پارک میں 24 ستمبر سے شروع ہوں گے ، جبکہ میڈل کے لے فائنل مقابلے 3 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے ۔
30 سالہ صاحبزادہ فرحان پاکستان کی جانب سے 46 ٹی20 انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں ۔ نائب کپتان عبدالصمد پاکستان کی نمائندگی پانچ ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں کر چکے ہیں۔ اعلان کردہ سکواڈ میں عاکف جاوید، علی رضا، معاذ صداقت اور سعد مسعود ایسے کھلاڑی ہیں جو تاحال پاکستان کی جانب سے ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو نہیں کر سکے ۔ ایشین گیمز کے لئے منتخب کیے گئے 15 کھلاڑیوں میں سے 14 کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے وائٹ بال کیمپ کا بھی حصہ ہیں، جو 15 جون سے لاہور میں شروع ہوگا۔ قومی سکواڈ میں صاحبزادہ فرحان (کپتان )، عبدالصمد (نائب کپتان )، ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان شامل ہیں۔ٹیم کے معاون عملے میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، بولنگ کوچ ایشلے نوفکے ، فیلڈنگ کوچ شین میک ڈرموٹ، فزیوتھراپسٹ محمد طاہر، ٹرینر عمران اﷲ اور اینالسٹ و ٹیم آپریشنز کوآرڈینیٹر عثمان ہاشمی شامل ہیں۔