این ایف سی ایوارڈ تبدیل ،وزیر اعظم کی یقین دہانی :آفریدی
وزیر اعظم نے کہا 180دن میں تبدیلی نہ ہوئی تو صدارتی آرڈر کے ذریعہ کردینگے ضم شدہ اضلاع کا مالی حصہ شامل ہوگا ،یہ صوبے کے عوام کے لئے خوش خبری ہے
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے این ایف سی ایوارڈ میں تبدیلی کی یقین دہانی کرائی ہے ، ضم اضلاع کو بھی شامل کیا جائے گا جو صوبے کے عوام کے لیے ایک خوش خبری ہے ،نیشنل اکنامک کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے آئینی، مالی اور ترقیاتی حقوق کے تحفظ کے لیے واضح مؤقف اختیار کیا گیا، وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ 180 دن کے اندر این ایف سی ایوارڈ میں تبدیلی کے لیے باقاعدہ اجلاس منعقد کئے جائیں گے ، اتفاق رائے نہ ہو سکا تو صدر مملکت کو سمری بھجوا کر صدارتی آرڈر کے ذریعے این ایف سی ایوارڈ کو تبدیل کیا جائے گا۔نئے این ایف سی ایوارڈ میں ضم شدہ اضلاع کا مالی حصہ شامل کیا جائے گا ، پاسکو کے ساتھ طے شدہ معاہدے کے تحت ایک لاکھ 75 ہزار ٹن گندم مقررہ نرخ پر خیبرپختونخوا کو فراہم کی جائے گی۔