فارن فنڈنگ کیس میں چالان کی سکروٹنی کا عمل مکمل

 فارن فنڈنگ کیس میں چالان کی سکروٹنی کا عمل مکمل

بانی ایکس اکائونٹ بندش کیس میں بیرسٹرگوہرکوجواب کیلئے دوبارہ نوٹس خاورمانیکاتشددکیس،پی ٹی آئی وکلا کی دہشتگردی دفعات ختم کرنیکی درخواستیں مسترد

اسلام آباد(اپنے نامہ نگارسے )بینکنگ کورٹ میں زیر سماعت بانی پی ٹی آئی عمران خان و دیگر ملزموں کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں چالان کی سکروٹنی کا عمل مکمل کرلیاگیا۔ دوران سماعت عدالت کو بتایاگیاکہ رجسٹرار آفس نے فارن فنڈنگ کیس کے چالان کی سکروٹنی مکمل کر لی ہے ،عدالت نے فارن فنڈنگ کیس کی سماعت 9 جولائی تک ملتوی کر دی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ بند کرنے کی درخواست میں پی ٹی آئی کی جانب سے تحریری جواب جمع نہ ہونے پر بیرسٹر گوہرعلی خان کو بطور چیئرمین پی ٹی آئی دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب جمع کرانے کا حکم دے دیااورسماعت 10 ستمبر تک ملتوی کردی۔ انسداددہشت گردی عدالت کے جج طاہرعباس سپرا نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں شریک ملزم چودھری پرویز الٰہی کی مسلسل عدم پیشی پر برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا پرویز الٰہی ہر جگہ پیش ہورہاہے ہماری عدالت کی دفعہ بیمار ہو جاتا ہے ،میں اس پر میڈیکل بورڈ بنواتا ہوں جو رپورٹ دے کہ پرویز الٰہی بیمار ہے بھی یا نہیں، معاون وکیل نے کہا عدالت ایک موقع دے اگلی پیشی پر پرویز الٰہی پیش ہوں گے ،عدالت نے معاون وکیل کی یقین دہانی پر سماعت 22 جولائی تک ملتوی کردی۔ فاضل عدالت نے خاور مانیکا پر تشدد کیس میں ملزمان پی ٹی آئی وکلاء نعیم حیدر پنجوتھا، فتح اللہ برکی ودیگر کی جانب سے دہشتگردی دفعات ختم کرنے کی درخواستیں مسترد کردیں اورمزید سماعت 6 جولائی تک ملتوی کر دی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں