چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے انفرادی نہیں اجتماعی شعور اجاگر کرنے کی ضرورت:مریم نواز
آج پنجاب بچوں کیلئے محفوظ ترین ،بچے میری ریڈ لائن ہیں، ان پر تشد د یا زیادتی قطعی ناقابل برداشت ہربچہ ہمارا مستقبل ؛ ہاتھ میں اینٹ پتھر اورلوہا نہیں، کتاب اورلیپ ٹاپ دیکھناچاہتے ہیں:پیغام
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ چائلڈ لیبر کے خاتمے کیلئے انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ، والدین سے اپیل ہے بچوں کی تعلیم ، صحت جیسی بنیادی سہولیات فراہم کریں،والدین کو بچوں کی تعلیم، صحت اور کھیل کود کے مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائلڈ لیبرڈے کے موقع پر جاری خصوصی پیغام میں بچوں سے مشقت لینے کے رجحان کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے اپیل کی کہ پھول جیسے بچوں سے پیار کریں، مشقت نہ کرائیں،مہذب اورباوقار معاشرے میں بچوں کے حقوق کا احترام یقینی سمجھا جاتا ہے ،آج پنجاب بچوں کیلئے محفوظ ترین ہے ،بچے میری ریڈ لائن ہیں، ان پر تشد د یا کسی قسم کی زیادتی قطعی طورپر ناقابل برداشت ہے ۔مریم نواز نے مزید کہا کہ اینٹوں کے بھٹوں سمیت کسی بھی مقام پر چائلڈ لیبر کے ارتکاب پر سخت ترین قانونی کارروائی کا عزم رکھتے ہیں۔ بچوں کیلئے منصفانہ مواقع، مشقت نا قابل قبول،نوجوانوں کیلئے باعزت روزگارچائلڈ لیبر ڈے کا پیغام ہے ، پنجاب میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو سمیت سماجی بہبود کے دیگر ادارے بچوں کے تحفظ کیلئے سرگرم عمل ہے ، ہربچہ ہمارا مستقبل ہے ، ہاتھ میں اینٹ پتھر اورلوہا نہیں، کتاب اورلیپ ٹاپ دیکھناچاہتے ہیں،ہونہار سکالر شپ اور لیپ ٹاپ دے کر بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کر رہے ہیں۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ بچوں کی غذائی ضروریات،تعلیم و تربیت اورصحت کی ریاستی ذمہ داری کو پورا کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ بچوں میں غذائی کمی کو پورا کرنے کیلئے پنجاب میں سکول میل پروگرام جاری ہے ۔