نوجوان تیاری کریں،عوامی حقوق کیلئے جلد بڑی تحریک شروع کرینگے:حافظ نعیم
حکومت کو پٹرول، بجلی ، گیس پر ظالمانہ ٹیکس واپس لینا پڑیگا ، ملک پر بدترین حالات مسلط :امیر جماعت اسلامی عوام کو دبانے ، غداری کے سرٹیفکیٹ دینے سے مسائل حل نہیں ہونگے :نوجوانوں سے آن لائن خطاب
لاہور(سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت کو پٹرول، بجلی ، گیس پر ظالمانہ ٹیکسز واپس لینا پڑیں گے ، ملک بھر کے نوجوان حقوق کے حصول کیلئے بڑی تحریک کی تیاری کرلیں، عوامی مسائل کے حل کیلئے جلد بڑی جدوجہد کا آغاز کرینگے ، ایک دو روز میں بجٹ کے جائزے کے بعد اہم اعلان کریں گے ، ملک کو امریکی ایجنٹوں سے نجات دلائی جائے گی،آج ملک پر بدترین حالات مسلط ہیں، بنو قابل پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو ہنر سکھائے جائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ سے نوجوانوں کو آن لائن خطاب کرتے ہوئے کیا، نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی اور معاون خصوصی عمیر ادریس بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ سندھ اور پنجاب سمیت ملک بھر میں کرپشن کے مسائل موجود ہیں، عوام کو بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جا رہا ہے ،نوجوان ظالمانہ نظام کے خلاف جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ،انہیں جلد آئندہ لائحہ عمل سے آگاہ کیا جائے گا ، تاجر برادری عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد میں ساتھ دے ، آج عوام کے حق حکمرانی پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے ، ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگانے والوں اور ہمنوا پارٹیوں نے عملی طور پر عوامی اختیار کو کمزور کیا،پٹرولیم لیوی کے ذریعے عوام کا خون نچوڑا جا رہا ہے ،ایک سال میں آئی پی پیز کو 1800 ارب روپے کی ادائیگیاں کی گئیں،ایسے میں عوام کیلئے بجٹ میں کیا بچتا ہے ؟ ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کشمیر، بلوچستان، خیبر پختونخوا، سندھ، گلگت بلتستان اور ملک کے تمام علاقوں کے مسائل حل کرنا ہوں گے ، مسائل کو دبانے ، گولیاں چلانے ، غداری کے سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے یا لوگوں کو جیلوں میں ڈالنے سے مسائل ختم نہیں ہوتے بلکہ انصاف اور عوامی شمولیت سے حل نکلتا ہے ، ظالم نظام کے خلاف متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہوگی۔