اوچ پاور پلانٹ کا اہم ٹاور دھماکے سے تباہ ، بجلی فراہمی معطل
ڈیرہ مراد جمالی (نامہ نگار)اوچ پاور پلانٹ سے بلوچستان، سندھ اور پنجاب کو بجلی فراہم کرنے والے 220کے وی ہائی ٹرانسمیشن سسٹم کے ایک اہم ٹاور کو دھماکا خیز مواد سے تباہ کر دیا گیا۔
جس کے نتیجے میں کوئٹہ، سبی، جھل مگسی، کچھی، نصیرآباد، جعفرآباد، اوستہ محمد، ڈیرہ مراد جمالی اور دیگر متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوگئی۔ پولیس کے مطابق واقعہ ڈیرہ مراد جمالی صدر تھانے کی حدود میں گوٹھ شیردل بگٹی کے قریب پیش آیا جہاں دھماکے سے ٹاور مکمل طور پر تباہ ہوگیا ۔کیسکو حکام کے مطابق کوئٹہ، سبی اور بعض دیگر علاقوں کو متبادل نظام کے ذریعے بجلی فراہم کر دی گئی ہے تاہم نصیرآباد، جعفرآباد، جھل مگسی، اوستہ محمد اور ڈیرہ مراد جمالی سمیت کئی علاقوں میں سپلائی متاثر رہی۔ کیسکو نے متاثرہ ٹاورز کی مرمت اور بحالی کا کام شروع کر دیا ہے جبکہ پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا ہے ۔ حکام کے مطابق مکمل بحالی میں چند روز لگ سکتے ہیں۔