اسلام آباد :سر کاری ملازمین کا بجٹ کیخلاف شاہراہ دستور پر احتجاج

اسلام آباد :سر کاری ملازمین کا بجٹ کیخلاف شاہراہ دستور پر احتجاج

پے سکیل ریوائز کرنیکا مطالبہ ، پولیس سے مزاحمت میں1زخمی ، متعدد گرفتار ایپکا رہنماؤں کا پنجاب بجٹ کی پیشی کے موقع پر لاہور میں بھرپور احتجاج کا اعلان

اسلام آباد، را ولپنڈی (اپنے رپورٹر سے ، خصوصی نامہ نگار )اسلام آباد میں سرکاری ملازمین نے بجٹ کے خلاف شاہراہ دستور پر احتجاج کیا ہے اس دوران پارلیمنٹ ہا ؤس جانے کی کوشش میں پولیس سے مزاحمت میں ایک شخص زخمی ہوگیا، اسلام آباد پولیس نے متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔ احتجاج کے باعث شاہراہ دستور کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ، چیف آرگنائزر اگیگا رحمان باجوہ نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے مطالبات کی منظوری تک احتجاج ہوگا، انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کے مطالبات شامل کیے جائیں۔ تمام ایڈہاک ریلیف الاؤنسز بنیادی تنخواہ میں ضم کر کے پے سکیل 2026 متعارف کرایا جائے ۔ سرکاری ملازمین کی ماہانہ اجرت کم از کم 50 ہزار روپے مقرر کی جائے ۔ ادھر پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن نے صوبائی بجٹ کے موقع پر لاہور میں بھرپور احتجاج کا اعلان کر دیا ہے ،ایپکا پنجاب کے تمام دھڑوں کے صوبائی صدور نے اپنے دستخطوں سے تمام ڈویژنل و ضلعی صدور و جنرل سیکرٹریز کو لیٹر جاری کر دیا ہے ۔ صوبائی حکومت کو چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا گیا ہے جس میں پنشن و لیو انکیشمنٹ ترامیم کی واپسی، سابقہ تمام مراعات کی بحالی، رکا ہوا 30 فیصد ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس، تمام ایڈہاک ریلیف موجودہ تنخواہوں میں ضم کرکے تنخواہوں وہاؤس رینٹ،کنوینس اور میڈیکل الاؤنس میں 100فیصد اضافہ اور کنٹریکٹ ملازمین کی مستقلی کے مطالبات پیش کیے گئے ہیں۔ ایپکا پنجاب کے صدر ضیا اللہ نیازی نے چودھری مبشر احمد ڈویژنل صدر ایپکا کو فون پر بتایا کہ اس دفعہ ہم بھرپور تیاری سے میدان میں اتریں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں