میئرکراچی کیلئے ہرحربہ استعمال کرنیوالے طعنے نہ دیں:سعد رفیق
پی پی قیادت کی بہت عزت کرتے ہیں لیکن یکطرفہ ٹریفک نہیں چل سکتی جی بی حکومت سازی پر پی پی سے خود رابطہ کیا:لیگی رہنما کاایکس پر بیان
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے پاکستان پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی مقامی حکومت حاصل کرنے کیلئے ہر حربہ استعمال کرنے اور ہماری ضمانت پر ایم کیو ایم کے ساتھ کئے وعدوں سے پھرنے والے مسلم لیگ (ن)کو لاہور میں حکومت سازی کے طعنے نہیں دے سکتے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی اچھی طر ح جانتے ہیں اعلیٰ مسلم لیگی قیادت نے خود رابطہ کر کے صدر زرداری اور انہیں گلگت بلتستان اسمبلی میں سنگل لارجسٹ پارٹی تسلیم کرتے ہوئے حکومت سازی میں حمایت کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا مقصد گلگت بلتستان کو ہارس ٹریڈنگ اور سیاسی سودے بازی سے بچانا تھا اس کے باوجود پی پی پی قیادت کی جانب سے مسلم لیگ پر الزام تراشی یا توہین آمیز رویہ اختیار کرنے کا کوئی جواز تھا ،نہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ 15 جون کو چند حلقوں میں جزوی انتخابات کروانے کی مکمل ذمہ داری مقامی شکایت کنندگان اور الیکشن کمیشن پر ہے ، مسلم لیگ ن کے ایک حلقے کے نتائج کو بھی چیلنج کیا گیا ہے ،ہم پی پی قیادت کی بہت عزت کرتے ہیں لیکن احترام کی یکطرفہ ٹریفک نہیں چل سکتی۔