صحت ،تعلیم کے بجٹ بڑھانے کے بجائے بڑی کمی
ایجوکیشن ترقیاتی فنڈ 58فیصد کم ، 63ارب 30کروڑ رکھنے کی سفارش
لاہور (سجاد کاظمی سے ،بلال چودھری )پنجاب حکومت کا مالی سال 2026-27 کیلئے محکمہ صحت کیلئے 500ارب 62کروڑ روپے کا بجٹ مختص،یہ صوبے کے مجموعی بجٹ کا 10 فیصد سے زائد ہے ، تاہم گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں ایجوکیشن و ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے بجٹ میں مجموعی طور پر232ارب روپے کی بڑی کمی کی گئی ہے ۔بجٹ دستاویزات کے مطابق سب سے زیادہ کٹوتی ترقیاتی فنڈز پر کی گئی ہے جو 181 ارب روپے سے کم ہو کر صرف 76 ارب 30 کروڑ روپے تک محدود کر دیا گیا ہے ۔ اس مد میں 104 ارب 70 کروڑ روپے کی کٹوتی کی گئی ہے ، غیر ترقیاتی اخراجات بھی کم کئے گئے ہیں اور غیر ترقیاتی بجٹ 450 ارب سے کم ہو کر 424 ارب 32 کروڑ روپے مختص کیا گیا ہے ۔ اس میں بھی تقریباً 26 ارب روپے کی کمی کی گئی ہے ۔ بجٹ میں کٹوتی کے باوجود حکومت نے کئی بڑے منصوبوں کا اعلان کیا ہے ، 169 ارب روپے کی لاگت سے نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ شروع کیا جائے گا، اس میں چلڈرن ہسپتال، آرتھوپیڈک، برن اور سرجیکل یونٹس قائم ہوں گے ۔ کلثوم نواز کینسر ہسپتال ڈی جی خان کیلئے 15 ارب 21 کروڑ ، بہاولپور چلڈرن ہسپتال کیلئے 23 ارب 37 کروڑ ،انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کیلئے 20 ارب ،لاہور اور سرگودھا کے کارڈیالوجی منصوبوں کیلئے 28 ارب 94 کروڑ ،صوبے بھر میں 15 نئے کارڈیک سرجری یونٹس کے قیام پر 9 ارب 30 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔
سی ایم ہارٹ سرجری پروگرام کے لیے 21 ارب 3 کروڑ،ٹیچنگ ہسپتالوں میں جدید ایم آر آئی مشینوں کیلئے 8 ارب 31 کروڑ،نیورو کیتھ لیبز کے لیے 1 ارب 75 کروڑ روپے مختص ہیں۔ مریم نواز ہیلتھ کلینک منصوبے کے تحت 434 بنیادی مراکز صحت کی بحالی اور اپ گریڈیشن کیلئے 9 ارب 60 کروڑ ، معیاری ادویات کی فراہمی کیلئے 15 ارب 21 کروڑ روپے مختص ہیں۔ اسی طرح ڈائیلسز پروگرام کے لیے 66 ارب 3 کروڑ ، شوگر کے مریضوں کیلئے انسولین اور ادویات پر 5 ارب،پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کی بحالی کیلئے 2 ارب 45 کروڑ ، نشتر ہسپتال ملتان کی اپ گریڈیشن کیلئے 5 ارب 1 کروڑ روپے ،ایمرجنسی سروسز کی توسیع اور استعداد کار بڑھانے کیلئے تقریباً 5 ارب روپے تجویز کیے گئے ہیں۔ دوسری طرف ایجوکیشن و ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے بجٹ میں مجموعی طور پر232ارب روپے کی کمی کردی گئی ، ایجوکیشن کا 2025/26میں کل مجموعی بجٹ 812ارب روپے تھا تاہم اب حالیہ بجٹ میں کل 750روپے مختص کئے گئے ہیں اور ایجوکیشن کے بجٹ میں 102ارب روپے کمی کی گئی ہے ۔اسی طرح گزشتہ بجٹ میں ہیلتھ ڈویلپمنٹ کیلئے 86ارب روپے مختص تھے لیکن اس بار اس میں کمی کرتے ہوئے 76ارب30کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں اور یوں ہیلتھ ڈویلپمنٹ بجٹ میں 11اعشاریہ 3فیصد کمی کی گئی ہے ۔ایجوکیشن ڈویلپمنٹ کے بجٹ کیلئے 2025/26 میں 149ارب روپے مختص تھے لیکن اس بار 63ارب 30کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں اس طرح ایجوکیشن کے ترقیاتی بجٹ میں 58فیصد کمی کی گئی ہے۔