سینیٹ کمیٹی کی تعلیمی شعبے میں اصلاحات تیز کرنے کی ہدایت

سینیٹ کمیٹی کی تعلیمی شعبے میں اصلاحات تیز کرنے کی ہدایت

نجی سکولوں میں مفت تعلیم کوٹہ، فنی تربیت اے لیول پیپر لیک معاملے کا جائزہ اقرا گلوبل یونیورسٹی بل 2026منظور ، ایچ ای سی کی شرائط پوری کرنیکی ہدایت

 اسلام آباد (خصوصی رپورٹر ، اے پی پی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرپرسن سینیٹر بشریٰ انجم بٹ کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں اعلیٰ تعلیم، سکولوں، فنی تربیت اور خصوصی تعلیم سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔کمیٹی نے اقرا گلوبل یونیورسٹی بل 2026 پر غور کرتے ہوئے اسے منظور کر لیا اور ہدایت کی کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی تمام شرائط اور تقاضے پورا کئے جائیں۔ ایچ ای سی نے بل کے بعض نکات پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔اجلاس میں اسلام آباد کے نجی تعلیمی اداروں میں مستحق طلبہ کے لئے مختص 10 فیصد مفت تعلیم کے کوٹے پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا، چیئرپرسن نے نامکمل اعداد و شمار اور کمزور نگرانی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اصلاحات تیز متعلقہ اداروں کو مؤثر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ،کمیٹی نے بعض جامعات کی ڈگریوں کی تصدیق میں تاخیر کا معاملہ بھی زیر غور لایا۔

ایچ ای سی حکام نے بتایا کہ اس مقصد کے لئے نئی جانچ کمیٹی قائم کی گئی ،چیئرپرسن نے عمل تیز کرنے اور متاثرہ طلبہ کو ریلیف فراہم کرنے پر زور دیا۔انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین (آئی بی سی سی) نے کیمبرج اے لیول امتحانات کے پرچوں کے مبینہ لیک ہونے کے معاملے پر بریفنگ دی۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ متاثرہ طلبہ کی نمائندگی کے ساتھ ایک کمیٹی تشکیل دی جائے اور کیمبرج حکام سے رابطہ کرکے منصفانہ حل یقینی بنایا جائے ۔اجلاس میں بصارت سے محروم افراد سے متعلق پالیسی فریم ورک اور نوجوانوں میں مالیاتی آگاہی کے فروغ کے لئے رضاکارانہ پروگراموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے متعلقہ اداروں کو سفارشات پر بروقت عملدرآمد اور آئندہ اجلاس میں پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں