راولپنڈی:نالے میں گرنے والے بچے کا سراغ نہ مل سکا
سرچ آپریشن جاری ،وزیراعلیٰ پنجاب کانوٹس،ڈی سی کونگرانی کی ہدایت
راولپنڈی (خبرنگار،اے پی پی)آئی جے پی روڈ کچا سٹاپ کے قریب ڈرینج نالے میں گرنے والے 7سالہ بچے کا 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا، جبکہ ریسکیو واٹر ٹیموں کا سرچ آپریشن مسلسل جاری ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو ریسکیو آپریشن کی خود نگرانی کرنے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق بدھ کی شام ہونے والی بارش کے بعد 7 سالہ بچہ کچا سٹاپ کے قریب ڈرینج نالے میں بہہ گیا تھا،بچے کی تلاش کا آپریشن جمعرات کے روز بھی بلا تعطل جاری رہا تاہم بچے کا کوئی پتہ نہ چل سکا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ سیوریج نالے کا بڑا حصہ زیر زمین ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔