عاشورہ کے جلوسوں کیلئے تمام انتظاما ت مکمل :عظمیٰ بخاری
تمام مکاتبِ فکر کے علماکی مثالی ہم آہنگی قابلِ ستائش :وزیراطلاعات پنجاب فیصل آباد کی مجالس و جلوسوں کے منتظمین کا حکومتی اقدامات پر اظہار اطمینان
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے فیصل آباد میں مجالس اور جلوسوں کے منتظمین سے ملاقات کی، منتظمین نے محرم الحرام کے دوران سہولیات اور انتظامات کی فراہمی پر وزیر اعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسر مجالس اور جلوسوں کے منتظمین سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ عاشورہ کے جلوسوں اور مجالس کا پرامن انعقاد حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ عزاداروں کیلئے ٹھنڈے پانی کی سبیلوں سمیت دیگر سہولیات کا خصوصی اہتمام کیا جا رہا ہے جبکہ مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے ۔ انہوں نے تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام کے درمیان مثالی ہم آہنگی کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی اتحاد اور بھائی چارہ امن و امان کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ۔ ملاقات میں صوبائی وزیر بلال اکبر، معاون خصوصی ذیشان ملک، کمشنر فیصل آباد، آر پی او سہیل سکھیرا اور دیگر افسرجبکہ مجالس اور جلوسوں کے منتظمین میں سے جعفر نقوی، سید افتخار نقوی، حسنین شیرازی، محمد قاسم، تصدق حسین، عباس حیدر، ممتاز حسین، آغا مہندی اور عمار علی شامل تھے ۔