پنجاب:یونین کونسلز کی حد بندی کا نظرثانی شدہ شیڈول جاری

 پنجاب:یونین کونسلز کی حد بندی کا نظرثانی شدہ شیڈول جاری

حتمی حلقہ بندیاں 17اگست کو شائع ہونگی ،حکام کو عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم

لاہور (کورٹ رپورٹر)پنجاب میں یونین کونسلز کی حد بندی کے عمل کے لیے نظرثانی شدہ شیڈول جاری کر دیا گیا۔ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے حد بندی کے عمل سے متعلق 15 اپریل 2026 کے نوٹیفکیشن میں جزوی ترمیم کر دی ، جس کے تحت ووٹرز کی جانب سے ڈیلیمٹیشن اتھارٹیز کے سامنے اعتراضات جمع کروانے کی مدت 4 جولائی تک بڑھا دی گئی ہے ۔اعتراضات پر فیصلے کرنے کی آخری تاریخ 29 جولائی مقرر کی گئی ہے ، جبکہ ڈیلیمٹیشن اتھارٹیز کے فیصلوں سے متعلق معلومات ڈیلیمٹیشن کمیٹیوں کو 7 اگست تک فراہم کی جائیں گی۔ یونین کونسلز کی حتمی حلقہ بندیوں کی فہرست 17 اگست کو شائع کی جائے گی۔ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن نے حد بندی کے عمل کو مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ یونین کونسلز کی حد بندی کا عمل شفاف، منصفانہ اور قانون کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔ تمام متعلقہ اداروں اور حکام کو نظرثانی شدہ شیڈول پر عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں