یوم عاشور میں حق گوئی و استقامت کا درس : صدر، وزیراعظم
سیرت حسینؓ اپنائیں:زرداری،کربلااقدار کی پاسداری کا پیغام:شہباز شریف ظلم کیخلاف ڈٹ جانے کی علامت :یوسف گیلانی، ایاز صادق، سہیل آفریدی
اسلام آباد، پشاور (سٹاف رپورٹر، نامہ نگار، اے پی پی)صدرآصف علی زرداری نے کہا ہے کہ یومِ عاشور اسلامی تاریخ کا ایک عظیم اور بامعنی دن ہے جو ہمیں صبر، استقامت، ایثار، حق گوئی اور اصولوں پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتا ہے ۔ یومِ عاشور پراپنے پیغام میں صدرمملکت نے کہا یہ دن کئی اہم تاریخی واقعات کی یاد تازہ کرتا ہے ، تاہم تاریخِ اسلام میں اس کی سب سے نمایاں نسبت نواسئہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ، اہلِ بیتِ اطہار اور ان کے رفقائے وفا کی اس عظیم قربانی سے ہے جو میدانِ کربلا میں پیش آئی۔
بطور قوم یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم حضرت امام حسینؓ کی سیرت سے حق پسندی، اخلاقی جرأت، صبر و تحمل، ایثار اور خدمتِ خلق کے اوصاف کو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کا حصہ بنائیں گے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا یومِ عاشور بلا شبہ اسلامی تاریخ کا ایک فکر انگیز دن ہے جو نوع انسانی کو ایمان، صبر و استقامت، ایثار، حق پسندی اور اصلاحِ معاشرہ کے بے مثال اسباق سے روشناس کراتا ہے ۔ واقعہ کربلا ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ اصولوں اور اقدار کی پاسداری ایک باوقار اور مہذب معاشرے کی بنیاد ہے ۔ حضرت امام حسینؓ نے اپنے طرز عمل سے ثابت کیا کہ حق و صداقت، عدل و انصاف اور انسانی عظمت کے تحفظ کے لیے قربانی دینا درحقیقت ظلم و جبر، ناانصافی اور باطل کے سامنے سرِ تسلیم خم کرنے سے افضل ہے ۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے اپنے پیغام میں کہا 10 محرم الحرام کا دن حق، صداقت، صبر، قربانی اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کی لازوال علامت ہے ۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حضرت امام حسینؓ، اہلِ بیتِ اطہار اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا واقعہ کربلا حق، انصاف، حریت، صبر اور اصولوں پر ثابت قدم رہنے کا ابدی درس دیتا ہے ۔ شہدائے کربلا کی قربانیاں قیامت تک آنے والی نسلوں کے لیے جرات، عزم اور استقامت کی روشن مثال ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اس موقع پر پیغام میں کہاواقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان عظیم معرکہ تھا جس میں نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ نے دینِ اسلام کی سربلندی کیلئے لازوال اور بے مثال قربانی پیش کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔ واقعہ کربلا ہمیں قربانی، حق کی حمایت، باطل کی مخالفت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے ۔ سانحہ کربلا تاریخ کا عظیم واقعہ ہے جو ظالم اور نااہل حکمرانوں کے ظلم و بربریت کی یاد دلاتا ہے۔