190 ملین پائونڈ کیس: توہین عدالت درخواستیں غیر موثر قرار : عمران اور اہلیہ کی سزا سپریم کورٹ میں چیلنج
کیا آپ عدالت کو دباؤ میں لانا چاہتے ہیں؟ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر وکلا پر برہم ،سزا کیخلاف اپیلوں پر نیب کو دلائل کی ہدایت عمران اوراہلیہ کی قیدِ تنہائی درخواستوں پر سماعت آج ، تمام حقوق کی بحالی چاہتے :علیمہ،انصاف دیناعدالتی ذمہ داری ہے :وکلا
اسلام آباد (رضوان قاضی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکالت ناموں پر دستخط نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف دائر توہینِ عدالت کی درخواستیں غیر مؤثر قرار دے کر نمٹا دیں، 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر حتمی دلائل طلب کرتے ہوئے درخواست گزار وکلا کی استدعا پر سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی جبکہ عمران خان اور بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔ دورران سماعت چیف جسٹس سردارسرفرازڈوگرنے ریمارکس دیے کہ توہینِ عدالت کی درخواستیں اب غیر مؤثر ہو چکی ہیں۔ وکلا کی بڑی تعداد کے روسٹرم پر آنے پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، کیا آپ عدالت کو کوئی تاثر دینا چاہتے ہیں؟ کیا آپ عدالت پر چڑھائی کر رہے ہیں؟ یہ کوئی طریقہ کار نہیں۔
عدالت نے بیرسٹر سلمان صفدر کے علاوہ دیگر وکلا کو نشستوں پر بیٹھنے کی ہدایت کر دی۔بیرسٹر سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ 75 روز بعد عدالتی حکم پر ان کی اپنے مؤکل سے ملاقات کرائی گئی۔ 16 جون کو جیل حکام نے صرف بانی پی ٹی آئی کے وکالت ناموں پر دستخط کرائے ، جبکہ بشریٰ بی بی کے وکالت ناموں پر دستخط نہیں کرائے گئے ۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید حیات ملک نے مؤقف اختیار کیا کہ وکالت ناموں پر 16 جون کو ہی دستخط ہو گئے تھے اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے وکلا سے رابطہ بھی کیا تھا۔ بعد ازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی توہینِ عدالت کی درخواستیں غیر مؤثر قرار دے کر نمٹا دیں اور سزا کے خلاف اپیلوں پر دلائل طلب کر لیے ۔
بعد ازاں سردار لطیف کھوسہ کی جانب سے دو ہفتوں میں مؤکلین سے ملاقات کے بعد دلائل دینے کی انڈرٹیکنگ عدالتی حکم کا حصہ بناتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔دوسری طرف اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی قیدِ تنہائی کے خلاف دائر درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے انہیں نمبر لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت آج تک ملتوی کر دی۔ ادھر علیمہ خان نے میڈیاسے گفتگومیں کہا ہم بانی پی ٹی آئی کے تمام حقوق کی بحالی چاہتے ہیں جبکہ عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر نے کہا سپریم کورٹ انصاف فراہم کرے یہ ہی اس کی ذمہ داری ہے ،سلمان اکرم راجا نے کہا ایک عبوری حکم کے خلاف سپریم کورٹ آئے ہیں جو قانون دوسروں کے لیے ہے وہی بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے لیے ہوگا۔ سلمان صفدر نے کہا 16 ماہ سے عمران خان اور ان کی اہلیہ جیل میں ہیں، یہ قید تنہائی کا ایشو ہے اور میڈیکل کا ایشو ہے ۔