سانحہ گل پلازہ:آگ حادثاتی قرار، دھماکا خیز مواد نہیں ملا،رپورٹ
دکاندار اس کا کم عمر بیٹا لاپروائی کے مرتکب ٹھہرے ،دونوں مقدمے میں ملزم نامزد
کراچی (سٹاف رپورٹر)سانحہ گل پلازہ آتشزد گی کیس میں پولیس نے مقدمے کا چالان پراسیکیوشن کو جمع کرا دیا ، ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو چالان کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق آگ کو حادثاتی قرار دیتے ہوئے پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کی رپورٹ کی بنیاد پر کہا گیا کہ جائے وقوعہ سے کسی قسم کا دھماکہ خیز مواد نہیں ملا،آتشزدگی کا آغاز دکان نمبر 193 سے ہوا جہاں دکاندار نعمت اللہ کے بیٹے حذیفہ کے ماچس کی تیلیاں جلا کر پھینکنے سے مصنوعی پھولوں میں آگ بھڑک اٹھی ۔ نعمت اللہ اور اس کے کم عمر بیٹے حذیفہ کو غفلت اور لاپروائی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے مقدمے میں ملزم نامزد کیا گیا ہے ۔رپورٹ میں دروازے بند ہونا انتظامیہ کی سنگین غفلت قرار دیا گیا۔ سانحہ میں 72 افراد جاں بحق ہوئے۔