ریلوے میں 19 فیصد خسارہ کی رپورٹ حقائق کے منافی :حنیف عباسی

ریلوے میں 19 فیصد خسارہ کی رپورٹ حقائق کے منافی :حنیف عباسی

115ارب کاریونیوہدف حاصل کرلیا،ریلوے سکولوں اور ہسپتالوں کوٹھیکہ پردیاجارہا

راولپنڈی ،اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ریلوے کے سکولوں اور ہسپتالوں کو آئوٹ سورس کیا جا رہا ہے جبکہ مختلف شعبوں میں رائٹ سائزنگ بھی کی گئی ہے ، ریلوے کی تاریخ میں 115ارب روپے کے ریونیو ہدف کو حاصل کر لیا گیا ہے جبکہ 6 جولائی تک موجودہ ریونیو ٹارگٹ بھی مکمل کر لیا جائے گا، ایم ایل ون منصوبے میں روہڑی تا کراچی سیکشن کا سنگ بنیاد وزیراعظم ستمبر میں رکھیں گے ۔راولپنڈی ریلوے لوکو شیڈ میں نو تعمیر شدہ گارڈ اور ڈرائیور رننگ رومز کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ آڈیٹر جنرل کی رپورٹ گمراہ کن ہے اور اس کے ذریعے قوم کو غلط تاثر دیا گیا۔ ان کے مطابق ریلوے میں 19فیصد خسار ے کی رپورٹ حقائق کے منافی ہے ۔

جبکہ 63 ارب روپے کی پنشن ریلوے نہیں بلکہ حکومت پاکستان بطور گرانٹ ادا کرتی ہے ،وفاقی وزیر نے کہا کہ 20 برس سے پاور وینز کی اوور ہالنگ نہیں ہوئی تھی تاہم 16 نئے پاور پلانٹس کی خریداری کے لیے بولیاں کل کھولی جائیں گی اور آئندہ سال 23 مارچ تک تمام پاور وینز اوور ہال کر دی جائیں گی۔انہوں نے بتایا کہ عوام ایکسپریس کے چار ریکس کی ری فربشمنٹ مکمل ہو چکی ہے جبکہ جون 2027ء تک تمام ٹرینیں جدید انداز میں بحال کر دی جائیں گی،وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی خواہش ہے کہ ایم ایل ون منصوبہ جلد از جلد مکمل ہو۔حنیف عباسی نے کہا کہ راولپنڈی ریلوے سٹیشن کے بیرونی حصے کو لاہور کی طرز پر اپ گریڈ کیا جائے گا،انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر مسافر اور فریٹ ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صرف پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے سے ریلوے کرایوں میں کمی ممکن نہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں