بڑھتی آبادی ترقی کیلئے بڑا چیلنج ، قومی وسائل پر دباؤ بڑھ رہا ہے: شہباز شریف

 بڑھتی آبادی ترقی کیلئے بڑا چیلنج ، قومی وسائل پر دباؤ بڑھ رہا ہے: شہباز شریف

وسائل اور آبادی میں توازن ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے ،نیشنل پاپولیشن کونسل کا تنظیمی ڈھانچہ جلد مرتب کیا جائے نیشنل پاپولیشن کونسل کی سربراہی خود کرونگا،چاروں وزراء اعلیٰ،وزیراعظم آزادکشمیرودیگر سٹیک ہولڈر شامل ہونگے

اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی) وزیراعظم شہبا زشریف نے کہاہے کہ تیزی سے بڑھتی آبادی ترقی کیلئے بڑا چیلنج ہے ، قومی وسائل پر دباؤ بڑھ رہا ہے ،وسائل اور آبادی میں توازن ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے ،بہبود آبادی کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی، معاشی استحکام اور انسانی وسائل کی بہتری سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے ،انہوں نے نیشنل پاپولیشن کونسل کا افتتاحی اجلاس جلد از جلد بلانے کی ہدایت بھی کی ،وزیراعظم نے قومی سطح پر آبادی سے متعلق پالیسی سازی کیلئے نیشنل پاپولیشن کونسل کا تنظیمی ڈھانچہ جلد از جلد مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل پاپولیشن کونسل کی سربراہی میں خود کروں گا ،نیشنل پاپولیشن کونسل میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر ، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور دیگر سٹیک ہولڈرز شامل ہوں گے۔

اجلاس کو ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی اور کنٹرول و بہبود کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی ،بریفنگ میں بتایاگیاکہ سماجی تحفظ کے پروگراموں کو خاندانی منصوبہ بندی سے جوڑا جائے گا، خواتین کی تعلیم اور انہیں معاشی طور پر بااختیار بنانا آبادی پر قابو پانے کی حکمت عملی کا اہم جزو ہو گا،آبادی میں توازن اور قابو پر موثر آگاہی مہم چلائی جائیگی، بنگلہ دیش، انڈونیشیا اور ایران میں آبادی پر قابو کے کامیاب پروگرام چل رہے ہیں، قومی پاپولیشن کونسل صوبائی حکومتوں کے تعاون قومی سطح پر موثر مہم چلانے میں مددگار ثابت ہو گی،اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسروں نے شرکت کی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں