بچوں کی ہلاکت ناقابل تلافی سانحہ ، ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا : مریم نواز
بطور ماںوالدین کی تکلیف کا اندازہ کر سکتی ہوں ، سانحے پر دکھ کے اظہار کیلئے الفاظ نہیں مل رہے وزیراعلیٰ کا نوجوان طلبا کوپھرای بائیکس دینے کا فیصلہ ،وہاڑی ،لودھراں میں الیکٹرک بس چلانے کا حکم
لاہور(دنیا نیوز،سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ کاہنہ حادثے میں 14 بچوں کی ہلاکت ناقابلِ تلافی سانحہ ہے ۔ مریم نواز شریف نے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کے افسوسناک واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔اُن کا کہنا تھا کہ بطور ماں وہ والدین کی تکلیف کا اندازہ کر سکتی ہیں اور اس المناک سانحے پر دکھ کے اظہار کیلئے الفاظ نہیں مل رہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور امدادی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئی تھیں، جن کے دوران 20 بچوں کو بحفاظت نکال لیا گیا، تاہم 14 قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی المناک اور ناقابلِ تلافی سانحہ ہے ۔مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ اس سانحے کے ذمہ دار کسی رعایت کے مستحق نہیں اور انہیں قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔انہوں نے واقعے کی مکمل، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ غفلت یا کوتاہی کے مرتکب افراد کو قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔وزیراعلیٰ پنجاب کا صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں کی عمارتوں کے حفاظتی معیار کا جامع جائزہ لینے کی بھی ہدایت جاری کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کیلئے مربوط اور مؤثر حکمتِ عملی مرتب کی جائے گی۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ کے اہم اجلاس میں گرین ٹرانسپورٹ کے فروغ کیلئے مزید الیکٹرک بسیں،ای ٹیکسیاں،ای بائیکس اور ای تھری وہیلرز ایک ساتھ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسمبلنگ پلانٹ پنجاب میں الیکٹرک بسوں کی اسمبلنگ شروع کر چکا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 5 سالوں میں 5 ہزار الیکٹرک بسیں پنجاب کے عوام کی خدمت پر مامور ہوں گی،پنجاب اب صرف بسیں نہیں چلا رہا بلکہ بسیں بنا بھی رہا ہے ۔ پنجاب کو ایک نئی مینوفیکچرنگ انڈسٹری کے قیام کا اعزازبھی حاصل ہوگیا ہے ۔ اجلاس میں ایک بار پھر سے نوجوان طلبا کو آسان ترین اقساط ای بائیکس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا، طلبا کو ایک سال میں ایک لاکھ ای بائیکس دی جائیں گی۔ پنجاب حکومت ہر ای بائیک پر 70 ہزار روپے کی سبسڈی دے گی۔ طالبعلم لڑکوں کو ای بائیک کے حصول کیلئے 14 ہزار ڈاؤن پیمنٹ جبکہ 2100 روپے ماہانہ سود فری قسط ادا کرنی ہوگی۔ مریم نواز نے پنجاب کی بیٹیوں،طالبات کیلئے ای بائیکس کی ڈاؤن پیمنٹ اور رجسٹریشن فیس خود ادا کرنے کا اعلان کیا۔طالبات کو ای بائیکس کے حصول کیلئے صرف 2100 روپے کی سود فری آسان قسط ادا کرنی ہوگی۔ پنجاب کے سرکاری ملازمین بھی آسان اقساط پر ای بائیکس حاصل کر سکیں گے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گوجرانوالہ، گجرات،راولپنڈی، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، ڈی جی خان، فیصل آباداور سرگودھا ڈویژنز کی 91 تحصیلوں میں 1500 بسیں چلائی جائیں گی۔اجلاس نے تحصیل لیول پر 1500 الیکٹرک بسوں کی خریداری کیلئے پی سی ون کی منظور ی دے دی جبکہ وزیراعلیٰ نے 28 اضلاع میں 10 جولائی کو افتتاح کیلئے تیار 61 بسیں فوراً لانچ کرنے کا حکم دیا اور جھنگ میں 15جبکہ کبیر والا ،بھکر ،اٹک ،منڈی بہائو الدین، حافظ آباد، چنیوٹ ، لیہ ،اوکاڑہ اور سیالکوٹ میں 9،9 الیکٹرک بسیں فوراً چلانے کی ہدایت کی،انہوں نے مختلف اضلاع میں نئی 189 الیکٹرک بسیں سافٹ لانچنگ کیلئے تیارہونے پر آن لائن افتتاح کا عندیہ دے دیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مزید 112 بسیں گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، ملتان، مری، وہاڑی، قصور، لودھراں، ننکانہ، نارووال پہنچ گئیں جو25 جولائی سے چلنا شروع ہوں گی، 488 الیکٹرک بسیں 20 جولائی کو چینی بندرگاہ سے پنجاب بھیجی جائیں گی۔
مریم نواز نے کوٹ ادو،تلہ گنگ اورتونسہ شریف میں بھی الیکٹرک بسزچلانے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وہاڑی، لودھراں میں بھی الیکٹرک بس چلانے کا حکم دیا اور ننکانہ صاحب میں الیکٹرک بسز کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں 15 بسوں سے کم ہیں وہاں مزید بسیں بھیجی جائیں ،کم از کم ہر ضلع میں 15-15 بسیں ہونی چاہئیں ۔ پنجاب میں الیکٹرک بسیں بھی لائے ہیں، مینوفیکچرنگ انڈسٹری بھی لائے ہیں۔مریم نواز نے پارلیمانی نظام کے عالمی دن پر آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ملکر کام کرنے پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے پارلیمانی نظام کے عالمی دن پر تمام جمہوری قوتوں کو مبارکباددی اورکہا کہ مسلم لیگ ن آئین کی بالا دستی، جمہوریت کی مضبوطی اور شفاف حکمرانی پر یقین رکھتی ہے ، قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں گڈگورننس، موثر قانون سازی اور عوامی فلاح کیلئے اپنی کوششیں جاری ہیں۔