پی پی، جے یو آئی کشمیر الیکشن ملکر لڑ ینگے : بلاول ، فضل الرحمٰن ، کشمیر معاملہ پر ثالثی کی پیشکش
ہم ملکر وزیراعظم کو پیغام بھیج رہے ،امید ہے وہ آزاد کشمیر کی صورتحال پر مثبت قدم اٹھائیں گے :سربراہ جے یو آئی، مشترکہ پریس کانفرنس خواہش ہے کشمیر میں جے یو آئی کیساتھ ملکر حکومت بنائیں،احتجاج سے مہاجرین کی نشستیں ختم نہیں ہونگی ، ترمیم کی جائے :بلاول بھٹو
اسلام آباد (دنیا نیوز، این این آئی)جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے مجھے ثالثی کی پیشکش کی اور ایک وفد بھیجا تھا ،اگر جے یو آئی آزاد کشمیر پیپلز پارٹی سے انتخابات میں اتحاد کرے تو میں ان کے ساتھ ہوں اور اس کی حمایت کروں گاجبکہ بلاول بھٹو زر داری نے کہا کہ میں آزاد کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے تیار ہوں چاہیے اس کی مجھے سزا دے دی جائے ،کشمیر میں مہاجرین کی نشستوں پر ڈیڈ لاک رہ گیا ہے ، احتجاج اور دھرنوں سے نشستیں ختم نہیں ہوں گی اس کا ایک ہی حل ہے قانون ساز ایوان سے آئینی ترمیم کی جائے ،کشمیر کے انتخابات میں پیپلز پارٹی اور جے یو آئی مکر الیکشن لڑیں گے ، پیپلز پارٹی کی خواہش ہے کشمیر میں جے یو آئی کے ساتھ ملکر حکومت بنائے ۔منگل کو پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے اوران سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاست سے متعلق مختلف امور پر بات چیت کی گئی ۔بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف موجود تھے ، ۔ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھٹو نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آزاد کشمیر کی صورتحال پر دھرنا جاری ہے جبکہ میری ثالثی کی پیشکش کے بعد عوامی ایکشن کمیٹی نے میرے پاس ایک وفد بھیجا تھا اور مجھے ثالثی کی پیشکش کی۔
انہوں نے کہا کہ بلاول نے پارلیمان میں میری ثالثی کی حمایت کی جبکہ وہ خود حکومت کا حصہ ہیں، ہم ملکر وزیراعظم کو بھی پیغام بھیج رہے ہیں اور امید ہے کہ شہباز شریف آزاد کشمیر کی صورت حال پر مثبت قدم اٹھائیں گے ۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر جے یو آئی آزاد کشمیر پیپلز پارٹی سے انتخابات میں اتحاد کرے تو میں ان کے ساتھ ہوں اور اس کی حمایت کروں گا۔اس موقع پر بلاول نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے سیاست میں ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا، کشمیر میں جاری احتجاج پر مولانا سے بات کرنے آئے ہیں، ہم دونوں کی جماعتیں احتجاج کا بہت تجربہ رکھتی ہیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم حکومت سے درخواست کرتے ہیں وہ بھی کشمیر کے مسئلے پر ہمارا ساتھ دے ، کشمیر میں انتخابات کا اعلان ہو چکا ہے ہم چاہتے ہیں کہ صاف الیکشن ہوں۔بلاول نے اعلان کیا کہ کشمیر کے انتخابات میں پیپلز پارٹی اور جے یو آئی مکر الیکشن لڑیں گے ، ہم عوامی ایکشن کمیٹی سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ وہ بھی قانون اور آئین کی خلاف ورزی سے گریز کرے ۔انہوں نے کہاکہ جب بھی مشکلات ہوں مولانا صاحب کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہیں، مولانا فضل الرحمان کی ثالثی کی پیشکش سے فائدہ اٹھایا جائے۔