پاک فوج نے افغان طالبان رجیم کے بھیجے 4ڈرون مارگرائے

پاک فوج نے افغان طالبان رجیم کے بھیجے 4ڈرون مارگرائے

30جون کوبلوچستان کی سرحد کی جانب ڈرونز بھیجے گئے ،فوری نشاندہی کی گئی اشتعال انگیزی یا سرحد پار کارروائیوں کی بھاری قیمت چکانا پڑیگی:آئی ایس پی آر

 لاہور (دنیا نیوز )آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ پاکستان نے افغان طالبان رجیم کے بھیجے گئے 4 ڈرون تباہ کر دئیے ہیں ،آئی ایس پی آر کے مطابق 30 جون کو افغان طالبان  رجیم نے اپنی زیر انتظام سرزمین سے سرگرم دہشت گرد تنظیموں کی مبینہ سرپرستی کے تسلسل میں بلوچستان کی سرحد کی جانب چار ڈرون بھیجے ، پاکستان کے مضبوط فضائی دفاعی نظام نے ان تمام ڈرونز کی فوری نشاندہی کر لی، سکیورٹی فورسز نے اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جدید دفاعی اقدامات کے ذریعے چاروں ڈرونز کو کامیابی سے تباہ کر دیا اور دشمن کے تمام عزائم ناکام بنا د ئیے ، بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان کو یہ احساس کرنا چاہیے کہ ان کا غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل افغان عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہا ہے ،افغان طالبان اپنی عوام کو ایسے اقدامات اور بیانات کے ذریعے مطمئن کرنے کی کوشش کے بجائے دہشت گردی کی سرپرستی ترک کریں اور پُرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل کریں ،بیان میں افغان طالبان حکومت کو خبردار کیا گیا کہ اگر پاکستان کے خلاف اشتعال انگیزی یا سرحد پار کارروائیاں جاری رکھیں تو انہیں اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی،پاکستان کی مسلح افواج ملک کے چپے چپے کے دفاع کے لیے مکمل طور پر چوکس اور ہر وقت تیار ہیں، پاکستان کی خودمختاری کو نقصان پہنچانے یا عوام کے جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی سرحد پار مہم جوئی یا اشتعال انگیزی کا آپریشن " غضب للحق " کے تحت فوری، فیصلہ کن اور بھرپور جواب دیا جاتا رہے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں