اسلامی ممالک میں اتحاد وقت کی اہم ضرورت : حافظ نعیم ، ایرانی سفیر کی ملاقات
دونوں رہنماؤں کا ایران امریکا کشیدگی، خطے کی صورتحال ، غزہ و فلسطین سمیت دیگر امور پرتفصیلی تبادلہ خیال رضا امیری مقدم نے مشکل وقت میں پاکستان کی حکومت، عوام اور جماعت اسلامی کی حمایت پر اظہار تشکرکیا
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر رضا امیری مقدم کی وفد کے ہمراہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے اُن کے اسلام آباد دفتر میں ملاقات ، پاک ایران تعلقات،ایران امریکا کشیدگی، خطے کی صورتحال ، غزہ و فلسطین اور امت مسلمہ کے اتحاد کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی جانب سے کشیدگی کے خاتمے اور مذاکرات کے فروغ کے لیے کئے گئے کردار کو سراہا۔ جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے امیر عبدالواسع اور امیر جماعت اسلامی پاکستان کے معاون خصوصی عطائالرحمن بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے ایرانی حکومت اور عوام کی جدوجہد اور استقامت کو خراج تحسین پیش کرتے کہا کہ ایران کے کردار اور مزاحمت کے نتیجے میں امریکا اور اسرائیل کو پسپائی اختیار کرنا پڑی اور امریکا ایران کے ساتھ معاہدے پر مجبور ہوا،یہ پیش رفت پوری امت مسلمہ کیلئے حوصلے کا باعث ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ موجودہ حالات میں اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد، اتفاق اور باہمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ اختلافات اور انتشار کا فائدہ ہمیشہ امت کے دشمنوں کو پہنچتا ہے ،اسرائیلی جارحیت اور فلسطینی عوام پر مظالم خطے میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہیں، غزہ اور لبنان میں مکمل جنگ بندی ہونی چاہیے ، فلسطینیوں کو اپنی آزاد ریاست کے قیام کا حق دیا جانا چاہیے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کیلئے ضروری ہے کہ عالمی برادری فلسطین کے مسئلے کا منصفانہ حل یقینی بنائے اور اسرائیلی جارحیت کا خاتمہ کیا جائے ۔ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے مشکل وقت میں پاکستان کی حکومت، عوام اور جماعت اسلامی کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے امت مسلمہ کے اتحاد اور باہمی تعاون کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔