ایف بی آر نے 13601 ارب کا ٹیکس ہدف حاصل کر لیا
جولائی سے جون 2026تک انکم ٹیکس 6645 ،سیلز ٹیکس 4731 ارب جمع ہوا 30 جون 2026 تک 597 ارب روپے ریفنڈ دئیے گئے ،ایف بی آر حکام
اسلام آباد (مدثرعلی رانا)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 30 جون کو ختم ہونے والے مالی سال میں 13601 ارب روپے کا ٹیکس ہدف حاصل کر لیا ۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے حکام نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ 30 جون 2026 کو ختم ہونے والے مالی سال میں 597 ارب روپے ریفنڈ دئیے گئے اس طرح فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی نیٹ ٹیکس آمدنی 13003 ارب روپے رہی۔ ایف بی آر نے 12983 ارب روپے کا ٹیکس ہدف حاصل کر لیا۔ مالی سال مکمل ہونے پر 100 فیصد ٹیکس ہدف حاصل کیا گیا۔ جولائی 2025 سے جون2026تک انکم ٹیکس کی مد میں 6645 ارب اورسیلز ٹیکس کی مد میں 4731 ارب روپے جمع ہوئے ،فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 84 ارب روپے ،کسٹم ڈیوٹی کی مد میں 1385 ارب روپے جمع ہوئے۔
گزشتہ مالی سال 30 جون 2025 تک ایف بی آر نے 12 ہزار 237 ارب روپے کا ٹیکس جمع کیا تھا۔ مالی سال 2025 میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 493 ارب روپے ریفنڈ دیا تھا اور اس کی نیٹ ٹیکس آمدن 11745 ارب روپے تھی۔ جون 2026 میں 1753 ارب روپے کا ٹیکس ہدف حاصل کرنا تھا جبکہ ٹیکس آمدنی 1812 ارب روپے رہی جس میں 42 ارب روپے ریفنڈ کی مد میں دئیے گئے اور ایف بی آر کی نیٹ آمدن 170 ارب روپے رہی۔ جون 2026 میں انکم ٹیکس کی مد میں 1041 ارب،سیلز ٹیکس کی مد میں 510 ارب ،فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 95 ارب اور کسٹم ڈیوٹی کی مد میں 164 ارب روپے جمع ہوئے۔