معرکہ حق کے بعد اب معرکہ معیشت جیتنا ہے ، احسن اقبال
ملکی برآمدات کو اب ایٹمی پروگرام کے مساوی قومی اہمیت دینا ہوگی، وفاقی وزیر تیل قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کیا جا رہا ، ترقیاتی رپورٹ کے اجرا پر خطاب
اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیرمنصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے معرکہ حق اور معرکہ سفارت کاری میں کامیابیاں حاصل کر لی ہیں، اب پاکستان کو معرکہ معیشت جیتنا ہے ، ملکی برآمدات کو اب ایٹمی پروگرام کے مساوی قومی اہمیت دینا ہوگی اور معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے وفاق اور صوبے مل کر سماجی شعبے کو قومی ایمرجنسی کے طور پر آگے بڑھائیں گے ۔ وزارت منصوبہ بندی کی ماہانہ ترقیاتی رپورٹ کے اجرا کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ مالی سال 2025-26 کے دوران سیلاب، عالمی تجارتی کشیدگی اور مشرق وسطی کی کشیدہ صورتحال جیسے بیرونی چیلنجز کے باوجود پاکستان کی معیشت استحکام کی راہ پر گامزن رہی۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کیا جا رہا ہے ۔ روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں مزید کمی کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جائیں گے ۔ احسن اقبال نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ملک بھر کی جامعات کا جامع جائزہ لینے ، مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ ڈگری پروگرام متعارف کرانے اور سات نکاتی پرفارمنس آڈٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔