سانحہ کالام:خاندان کے 6 افراد لاہور میں سپردخاک

 سانحہ کالام:خاندان کے 6 افراد لاہور میں سپردخاک

عامر اپنی تین بیٹیوں ، بیٹے ، نواسی اور نواسے کے ہمراہ سیرو تفریح کیلئے گیا تھا ایک خاتون کی تلاش جاری ، دریائے کنہار سے ریسکیو شیخوپورہ کے 4افراد گرفتار

لاہور، اسلام آباد (این این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر پختوانخوا کے سیاحتی مقام وادی کالام کی سیف اللہ جھیل میں کشتی الٹنے کے واقعے میں ڈوبنے والے ایک ہی خاندان کے 7میں سے 6 افرادکی لاشیں لاہور پہنچا دی گئیں جنہیں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد فیز سیون کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔ نماز جنازہ میں عزیز و اقارب اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ایک خاتون کی تلاش جاری ہے ۔خیبر پختوانخوا کے سیاحتی مقام وادی کالام میں دو روز قبل کشتی الٹنے سے لاہور کے علاقے ڈیفنس کا رہائشی عامر ،اس کی تین بیٹیاں ،ایک بیٹا ،شیر خوار نواسی اور تین سال کا نواسا ڈوب کر جاں بحق ہو گئے تھے ، ریسکیو ٹیموں نے 6 لاشیں تلاش کر لیں جبکہ ایک خاتون کی تاحال تلاش جاری ہے ۔ لاشوں کو گزشتہ روز لاہور پہنچا دیا گیا ۔ دوسری طرف پختونخواپولیس نے دریائے کنہار سے ریسکیو کئے گئے شیخوپورہ کے رہائشی چاروں افراد کو دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر گرفتار کرلیا ہے ، چاروں افراد دریائے کنہار عبور کرنے کی ویڈیو بنانے کی کوشش میں گاڑی سمیت بہہ گئے تھے جنہیں مقامی رافٹنگ ٹیم نے بچالیا تھا،ملزموں آج عدالت پیش کیا جائے گا۔ پولیس نے ملزموں کی گاڑی دریا سے نکال کر ضبط کر لی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں