مون سون خطرناک ، آئندہ ہفتے سیلاب،دیگر آفات کے خطرات
بالائی علاقوں میں بڑھتا درجہ حرارت،گلیشئر پگھلنے کے عمل میں تیزی متوقع پختونخوا:بارشوں ، فلش فلڈ سے تباہی ، 7 جاں بحق، اٹک میں خاتون چل بسی
اسلام آباد،پشاور،اٹک،(اے پی پی ،این این آئی،آئی این پی )مون سون نے پاکستان میں خطرناک رخ اختیار کر لیا ،آئندہ ہفتے مختلف علاقوں میں ممکنہ قدرتی آفات اور سیلابی خطرات کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیاہے ۔دریں اثنا پختونخوا میں موسلا دھار بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث حا دثات میں 7 افراد جاں بحق ،19 زخمی ہوگئے ،اٹک میں چھت گرنے سے خاتون جاں بحق اور اس کے 2بچے شدید زخمی ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے جاری الرٹ میں کہا ہے کہ بالائی علاقوں میں مسلسل بڑھتے درجہ حرارت اور متوقع شدید بارشوں کے باعث گلیشئر پگھلنے کے عمل میں شدید تیزی آنے کا امکان ہے ، جس سے گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے ، اچانک سیلاب، ملبے کے ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے ۔
الرٹ کے مطابق برساتی نالوں اور بالائی علاقوں سے آنے والے پانی کے باعث پنجاب اور بلوچستان کے نشیبی علاقوں میں بھی ارلی وارننگ جاری کر دی گئی ہے ۔ لاہور، خاص طور پر شیخوپورہ، حافظ آباد اور منڈی بہا ئوالدین کے نشیبی علاقوں اور برساتی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے ۔ادھر خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر، دِیر، مردان، شانگلہ، باجوڑ، چترال اور دیگر علاقوں میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران بارشوں، آندھی اور فلش فلڈ کے باعث حادثات میں خاتون ، 4 بچوں سمیت 7افراد جاں بحق ہو گئے ۔ آج 3 جولائی تک مزید تیز بارش، آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے ۔ ادھر اٹک کے گاؤں شیں باغ کلاں میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے مقامی رہائشی عبادت شاہ کی 38 سالہ اہلیہ دم توڑ گئی جبکہ اس کے دو بیٹے شدید زخمی ہو گئے ۔