محسن نقوی خارجہ، اسحاق ڈار خزانہ کے وزیر بنیں گے :نجم سیٹھی
آج نہیں تو کل تبدیلی ضرور آئیگی،غیرملکی خواتین کے واپس جانے سے کیس ختم ایک گروپ اورنگزیب کیخلاف سٹوری چاہتا،آج کی بات سیٹھی کیساتھ میں تجزیہ
لاہور(دنیا نیوز)سینئر تجزیہ کارنجم سیٹھی نے کہا مجھے لگتا ہے کہ محسن نقوی وزیر خارجہ ،اسحاق ڈار وزیرخزانہ بنیں گے ،آج نہیں تو کل،کل نہیں تو پرسوں، تبدیلی ضرور ہو گی۔دنیا نیوز کے پروگرام ’’آج کی بات سیٹھی کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا ایک ایشو یہ چل رہا کہ فنانس منسٹر کی کارکردگی کوئی اچھی نہیں ہے ، تنقید ہورہی ہے ، ڈار صاحب فنانس منسٹری بہتر چلا سکتے ہیں،ڈار صاحب کی بھی یہی خواہش ہے وہ فنانس منسٹر بنیں ،وہ فارن آفس چھوڑنا چاہتے ہیں، کچھ لوگ فارن آفس میں محسن نقوی کو بھیجنا چاہتے ہیں،تبدیلی کب ہوگی، ہوگی یا نہیں ہو گی،؟ اس کا علم نہیں، اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ حکومت کے اندر ایک ایسا گروپ ہے جووزیر خزانہ اورنگزیب کے خلاف سٹوری لگوا نے کی کوشش کررہے ہیں،پھر آگے دیکھتے ہیں کہ کیا ہوتا ہے ؟وزیر خزانہ تبدیل ہوسکتے ہیں، حکومت اسحاق ڈار کو بنانا چاہتی تھی لیکن ان لوگوں نے کہا نہیں، ہمیں یہ چاہیے ، کیونکہ وہاں یہ احساس تھا کہ آئی ایم ایف کی بات ماننی ہے تاکہ ڈیفالٹ کا خطرہ ختم ہو،کیونکہ پہلے یہی باتیں ہوتی رہیں کہ پاکستان ڈیفالٹ نہ ہو، اس وجہ سے اورنگزیب کو لے کر آئے تھے ، اب ڈیفالٹ والا ایشو ختم ہو گیا ہے ، استحکام آرہا ہے ،اب گروتھ کی ضرورت ہے ،ایک دلیل یہ دی جارہی ہے کہ اسحاق ڈار بہت بہتر ہوں گے ۔نجم سیٹھی نے کہا غیرملکی خواتین کے معاملے میں مجھے دو باتیں سمجھ آئیں، ایک تو یہ کہ ایس ایچ او پر کس نے پریشر ڈالا کہ جاؤ ، ابھی میڈیکل رپورٹ کروائیں، اگر مجسٹریٹ نے بات نہیں مانی تو اگلے دن ایس ایچ او معطل کیوں کیا گیا؟اس کا مطلب ہے کہ کسی ایک پارٹی نے کہا کہ یہ کرو، کسی اور پارٹی نے کہا ہے تم کیوں گئے تھے ،اس کو ہٹاؤ،اب خبر یہ ہے کہ دوخواتین کو ملک سے باہر بھیج دیا گیا ہے اور وہ واپس روانہ ہو چکی ہیں، اس سے یہی ظاہر ہوتا ہے کہ اگر مرکزی مدعی ہی موجود نہیں تو پھر کیس آگے نہیں بڑھ سکے گا۔ سمجھیں کہ کیس تقریباً ختم ہو گیا، ایف آئی آر میں نامزد چار افراد بھی غالباً بری ہو جائیں گے کیونکہ گواہی دینے کیلئے کوئی موجود نہیں ہوگا، جن پر تشدد ہوا ہے وہ موجود نہیں ہوں گی،خواتین کے واپس جانے سے یہ کیس ختم ہوجائے گا، ملزم 6 مہینے جیل میں رہے گا، کوئی ایف آئی آر کٹے گی اور اس کے بعد ریلیز ہو جائیں گے ، یہ کیس ختم ہو گیا ہے کیونکہ ثبوت کوئی نہیں ہیں۔