حافظ نعیم کا کاہنہ میں متاثرہ ٹیوشن سنٹر کا دورہ ،تعزیت ودعا

حافظ نعیم کا کاہنہ میں متاثرہ ٹیوشن سنٹر کا دورہ ،تعزیت ودعا

چیکس کی تقسیم اورسکول بند کر نا مسئلہ کا حل نہیں ،عوام بیدارہوں:امیرجماعت

لاہور(سیاسی نمائندہ ، مانیٹرنگ ڈیسک) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کاہنہ میں متاثرہ ٹیوشن سینٹر کا دورہ کیا ۔ سانحہ میں جاں بحق بچوں کے لواحقین سے تعزیت کی اور بچوں کے بلندی درجات کے لیے دعا بھی کی۔اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پھول جیسے بچے دنیا سے رخصت ہوگئے ، دل بہت اداس ہے ،روڈ خراب ہونے سے حادثہ کے وقت کئی بچوں نے راستے میں ہی دم توڑا،علاقہ میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ،وزیراعلیٰ کے دورے سے پہلے روڈ کی حالت کو بہتر کیا گیا ،جو ڈویلپمنٹ ہونی چاہیے تھی وہ نہیں ہورہی۔یہ علاقے لاہور کی اصل آبادیاں ہیں۔ایسی کئی بستیاں لاہور اور پنجاب میں موجود ہیں۔اپنے مقاصد کے لیے میڈیا کو خرید لیا جاتا ہے ۔مقامی لیڈر شپ یہاں موجود ہے ، متاثرین کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے ۔وزیر اعلیٰ متاثرہ جگہ پر نہیں آئیں، باہر مین روڈ سے ہوکر چلی گئیں۔ہمارے بچوں کا حق ہے انہیں معیاری تعلیم ملے ۔چند لاکھ کے چیکس تقسیم کرکے مسئلہ حل نہیں ہوسکتا،ان کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا۔والدین کے ساتھ تعزیت کرتا ہوں، اللہ کی ذات ان کو صبر دے ۔انہوں نے پنجاب حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا سکول بند کردینا مسئلہ کا کوئی حل نہیں ہے ۔ عوام کو بیدار ہونا پڑے گا، ورنہ یہی کچھ چلتا رہے گا ۔سرکاری سکولوں میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ۔ادھرمرکزی تربیت گاہ کے شرکا اور مسجد منصورہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت مافیاز کی سرپرستی کر رہی جو عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ فارم 47 کی حکومت نے ملک پر ظلم، جبر، بدعنوانی اور استحصالی نظام مسلط کر رکھا ہے ، جماعت اسلامی کی ملک گیر پرامن عوامی تحریک جاری رہے گی۔مطالبہ کرتے ہیں کہ پٹرول کی قیمت 200 سے 225 روپے فی لٹر مقرر کی جائے ، آئی پی پیز مافیا اور کرپشن کا خاتمہ کیا جائے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں