کراچی وفاق کے سپرد کیا جائے : ایم کیو ایم، مینڈیٹ بلیک میلنگ سے تبدیل نہیں ہوسکتا : سندھ حکومت

کراچی وفاق کے سپرد کیا جائے : ایم کیو ایم، مینڈیٹ بلیک میلنگ سے تبدیل نہیں ہوسکتا : سندھ حکومت

آخری وارننگ دے رہے ہیں، وزیر اعظم 18 شقوں پر عمل کرائیں ایسا نہ ہواتوحکومتی بینچز چھوڑدیں گے ،:فاروق ستار، امین الحق معاملات وفاق کودینے کی بات سازش،اپنی ناکامیوں کا ملبہ سندھ حکومت پر نہ ڈالیں،صوبائی خودمختاری پرسمجھوتہ نہیں ہوگا،شرجیل

کراچی (سٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، سید امین الحق اور سینیٹر خالدہ اطیب کے ہمراہ حق پرست اراکین اسمبلی نے مرکز بہادرآباد پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور وزیر اعظم سے کہا ہے کہ ہم آخری وارننگ وفاقی حکومت اور وزیر اعظم کو دے رہے ہیں اگر ایم کیو ایم اور ن لیگ کے مابین طے پانے والے معاہدے کی 18 شقوں پر من و عن عملدرآمد نہ کیا گیا تو ہم قومی اسمبلی کی حکومتی بینچز سے باہر نکل آئیں گے اور اپوزیشن بینچوں پر بیٹھنے سے قطعاً گریز نہیں کریں گے ، اس شہر میں لوٹ گھسوٹ کا بازار گرم ہے , جس پر پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت اور ن لیگ کی وفاقی حکومت کے خلاف کسی بھی وقت احتجاج کی کال دی جا سکتی ہے ،جس کا اعلان چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کریں گے۔

اب وقت آگیا ہے کہ کراچی کو وفاق کے حوالے کیا جائے ، نئے انتظامی یونٹس بنائے جائیں اور مقامی پولیس کی تعیناتی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا مسائل حل کرنے کی تمام ذمہ داری صرف صوبائی حکومت کی ہے ؟۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاق و سباق کو سامنے رکھنے کے لیے ضروری ہے ایم کیو ایم اور ن لیگ کا معاہدہ سامنے رکھا جائے ، پی ٹی آئی حکومت کو روانہ کرتے وقت پی ڈی ایم حکومت کے ساتھ معاہدہ ہوا تھا اور پیپلز پارٹی کے ساتھ ہمارا آخری معاہدہ تھا جس میں یہ شرط قطعی شامل نہیں تھی کہ ہم صوبائی حکومت کا حصہ بنیں گے ۔ فاروق ستار نے کہا جو اس رشتے اور معاہدے کے گواہ ہیں وہ خود وزیر اعظم شہباز شریف ہیں۔انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں ان کی کاوشیں بہتر ثابت ہوئی ہیں۔

کراچی (سٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اور وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا  ہے کہ ایم کیو ایم آج بھی عوامی مینڈیٹ کے بجائے شارٹ کٹ سیاست پر یقین رکھتی ہے ، وفاقی مداخلت جیسے معاملات کو سیاسی دباؤ کے لیے استعمال کرنا ایم کیو ایم کی سیاسی بلیک میلنگ کا ثبوت ہے ۔ ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر ردعمل پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان میں شرجیل میمن نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم عوام کا اعتماد کھو چکی، اس کو اقتدار کی یاد ستا رہی ہے ، اور اب وہ شارٹ کٹ ڈھونڈ رہی ہے ۔ ایم کیو ایم کو کراچی کے عوام کے وسائل کو سیاسی سودے بازی کا ذریعہ نہیں بنانا چاہئے ، سندھ کے معاملات وفاق کے ہاتھ دینے کی بات وفاقی ڈھانچے کے خلاف مذموم سازش ہے ۔ شرجیل میمن نے کہا ڈاکٹر فاروق ستار کو یاد رکھنا چاہیے کہ سندھ کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کو واضح مینڈیٹ دیا ہے ، یہ مینڈیٹ کسی پریس کانفرنس، دھمکی یا سیاسی بلیک میلنگ سے تبدیل نہیں ہو سکتا ۔سینئر وزیر نے کہا فاروق ستار کو اپنی ناکامیوں کا ملبہ سندھ حکومت پر ڈالنے کے بجائے اپنے وفاقی اتحادیوں سے سوال کرنا چاہیے ، سندھ کے آئینی اختیارات، صوبائی خودمختاری اور کراچی کے عوام کے مینڈیٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں