بلاول کو عوامی طاقت سے وزیراعظم بنائیں گے :گورنر پنجاب

بلاول کو عوامی طاقت سے وزیراعظم بنائیں گے :گورنر پنجاب

پارٹی کارکن ہماری طاقت ہیں انہیں اکیلا نہیں چھوڑیں گے :سردار سلیم حیدر پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اداروں کی مضبوطی، آئین کی بالادستی کیلئے کام کیا:گفتگو

لاہور (سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدرخان نے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی جمہوریت سے وابستہ ہے ،پیپلزپارٹی اداروں کی مضبوطی پریقین رکھتی ہے ،پارٹی کارکن ہماری طاقت ہیں انہیں اکیلا نہیں چھوڑیں گے ، بلاول بھٹو زرداری کو عوامی طاقت سے وزیر اعظم بنائیں گے ۔ ان خیالات کااظہار اُنہوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار حلقہ پی پی 67 کامونکی چودھری شہزاد علی گِل کی زیر قیادت پارٹی کارکنوں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وفد میں چودھری محمد خورشید سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

سردارسلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی واحد عوامی نمائندہ جماعت ہے جو عوام کے  مسائل سمجھتی اور حل کرنے کی بھرپور کوشش کرتی ہے ،پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اداروں کی مضبوطی، آئین اورقانون کی بالادستی کیلئے کام کیا ،بلاول بھٹوزرداری اس وقت ملک و قوم کے نوجوان لیڈر ہیں،ہم نے اپنے ووٹ کی طاقت اور محنت سے انہیں وزیراعظم بناناہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری میں ایسی قائدانہ صلاحیتیں موجود ہیں جو ملک کو بہترانداز میں آگے لے کرجاسکتے ہیں،عوام کے مسائل کے حل کیلئے آواز بلندکرتے رہنا پیپلزپارٹی کا شیوہ ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سیاست کا حقیقی معنی عوام کی خدمت،ان کی مشکلات اور مسائل کوعملی طور پر حل کرنا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں