فیم پروگرام کے پہلے سال کی کامیاب تکمیل کا جشن

 فیم پروگرام کے پہلے سال کی کامیاب تکمیل کا جشن

کراچی(بزنس ڈیسک)ساؤتھ ایشین ویمن ڈیولپمنٹ فورم (ایس اے ڈبلیو ڈی ایف)پاکستان چیپٹر نے خواتین اور محروم طبقات کی معاشی خودمختاری کے لیے جاری پروگرام فیم کے پہلے سال کی کامیاب تکمیل کا جشن منایا۔

فرانسیسی ترقیاتی ادارے ایجنسی فرانسیز ڈی ڈیویلپمنٹ کے تعاون سے چلنے والے اس پروگرام کی تقریب میں سول سوسائٹی تنظیموں، ترقیاتی شراکت داروں اور مختلف کمیونٹیز کے نمائندوں نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس اے ڈبلیو ڈی ایف پاکستان کی نائب صدر اور فیم پاکستان کی پراجیکٹ لیڈمریم خان نے کہا کہ پروگرام کے پہلے سال کے دوران ملک بھر میں ایک ہزار سے زائد خواتین اور محروم طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کو معاشی مواقع، مہارتوں کی تربیت اور روزگار سے متعلق معاونت فراہم کی گئی۔ بین الاقوامی ترقیاتی فنڈنگ کو پاکستان میں لانا ایک چیلنجنگ عمل ہے۔

تاہم مقامی تنظیموں کی صلاحیتوں اور شفاف طرزِ عمل نے ثابت کیا ہے کہ پاکستانی سول سوسائٹی ادارے مؤثر انداز میں بین الاقوامی وسائل کو عوامی فلاح کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔فیم پروگرام کے تحت پانچ شراکت دار تنظیموں نقاش فاؤنڈیشن، فسیلیٹیشن الائنس، سوسائٹی فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ،جی آئی اے اور ٹیکنیکل سروسز ایسوسی ایشن نے خواتین کی مہارتوں میں اضافہ، ڈیجیٹل تربیت، زرعی شعبے میں ویلیو ایڈیشن، تخلیقی کاروباروں کے فروغ اور خواجہ سرا برادری سمیت محروم طبقات کے لیے معاشی مواقع پیدا کرنے پر کام کیا۔مریم خان نے بتایا کہ پروگرام کا ایک جامع آڈٹ بھی کامیابی سے مکمل کیا گیا جس نے مالی شفافیت اور احتساب کے اعلیٰ معیار کو ثابت کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں